جموں//
جموں کے راجوری ضلع کے بدھل خواص علاقے میں فوجی پکٹ اور وی ڈی سی ممبر کے گھر پر حملے کے بعد ضلع بھر میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع العریض جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق راجوری کے بدھل خواص علاقے میں ملی ٹینٹوں نے فوجی پکٹ اور وی ڈی جی ممبر کے گھر پر حملہ کیا جس کے نتیجے مں عام شہری اور فوجی جوان زخمی ہوا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین کئی گھنٹوں تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا جس کے بعد علاقے میں خاموشی چھا گئی۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع الریض جنگلی علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں سیل کئے ہیں۔
باوثوق ذرائع نے بتایا کہ فوج کی اضافی کمک کو جنگلی علاقے میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہ ہو سکے ۔
ذرائع کے مطابق جنگلی علاقے پر ہیلی کاپٹروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے نظر گزر رکھی جارہی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ حملے کے بعد راجوری میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے جبکہ سیکورٹی فورسز کو چوبیس گھنٹے مستعد رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ راجوری کے بدھال تحصیل کے دور افتادہ گاؤں گنڈوہ میں دہشت گردوں نے پیر کی علی الصبح تین بج کر دس منٹ پر سوریہ چکر انعام یافتہ پرشوتم کمار نامی ایک وی ڈی سی ممبر کے گھر پر حملہ کر دیا۔انہوں نے کہا کہ وہاں نزدیکی واقع فوجی کیمپ کے جوانوں نے پھرتی کا مظاہرہ کرکے اس حملے کو ناکام بنا دیا۔
ترجمان نے کہا کہ طرفین میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک فوجی جوان اور مذکورہ وی ڈی سی ممبر کا ایک رشتہ دار زخمی ہوا جن کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔حملے میں زخمی ہونے والے عام شہری کی شناخت وجے کمار کے طور پر ہوئی ہے ۔
غیر تصدیق شدہ اطلاعات کے مطابق آپریشن کے دوران ایک ملی ٹنٹ کو ہلاک کر دیا گیا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں نے جان بوجھ کر وی ڈی سی ممبر کے گھر کو نشانہ بنایا جس کو جوانوں نے ناکام کر دیا۔بتایا جاتا ہے کہ محاصرے میں۳سے۴ملی ٹنٹ پھنسے ہوئے ہیں۔
بتادیں کہ جموں خطے میں حملوں میں ہو رہے اضافے کے پیش نظر جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور فوجی سربراہ جنرل اوپندرا دویدی نے ہفتے کے روز جموں میں ایک میٹنگ کے دوران سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔