نئی دہلی// حکومت نے پارلیمنٹ کی کارروائی بحسن وخوبی چلانے پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے بجٹ اجلاس سے قبل اتوار کے روز تمام سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں کا اجلاس طلب کیا ہے ۔
بجٹ اجلاس 22 جولائی سے شروع ہو کر 12 اگست تک جاری رہے گا۔
وزارت پارلیمانی امور نے منگل کے روز یہاں بتایا کہ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے اتوار کے روز صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں آل پارٹی میٹنگ بلائی ہے ۔ اجلاس میں حکومت پارلیمنٹ کی کارروائی کو بحسن وخوبی چلانے کے لیے تمام پارٹیوں کے رہنماؤں سے بات کرکے اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کی کوشش کرے گی۔ لوک سبھا میں اپوزیشن پارٹیوں کے ممبران کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر اس بار حکومت کو اپوزیشن کے تمام دھڑوں کو اعتماد میں لینے کے لیے سخت محنت کرنی پڑے گی۔
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن 23 جولائی کو بجٹ پیش کریں گی۔
اٹھارویں لوک سبھا کی تشکیل کے بعد پارلیمنٹ کا یہ دوسرا اجلاس ہوگا۔ اس سے قبل پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس 24 جون سے 3 جولائی تک منعقد ہوا تھا۔ اس میں نومنتخب ارکان حلف برداری کے بعد صدر جمہوریہ نے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔ خصوصی اجلاس کے دوران اپوزیشن کے تیکھے تیور کے پیش نظر بجٹ اجلاس بھی ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے ۔