نئی دہلی//
ملک کی سات ریاستوں کی۱۳؍اسمبلی سیٹوں کے ضمنی انتخاب کے نتائج میں جہاں ’انڈیا اتحاد‘ کی جماعتوں نے۱۰سیٹیں جیت کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا، وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو محض دو نشستوں پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔ بہار کی روپولی اسمبلی سیٹ پر آزاد امیدوار کی جیت نے سب کو حیران کر دیا۔
حال ہی میں۱۰جولائی کو، سات ریاستوں کی ۱۳؍اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہوئے ، جن میں مغربی بنگال کی چار، ہماچل پردیش کی تین، اتراکھنڈ کی دو اور بہار، تامل ناڈو، مدھیہ پردیش اور پنجاب کیبالترتیب ایک ایک نشست پر ضمنی انتخابات ہوئے ۔
مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس نے بی جے پی کو اپنا کھاتہ بھی نہیں کھولنے دیا اور چاروں سیٹیں جیت لیں۔ ریاست کی باگدا اسمبلی سیٹ سے ترنمول کانگریس کی امیدوار مدھوپرنا ٹھاکر نے اپنے قریبی حریف بی جے پی امیدوار بنئے کمار بسواس کو۳۳ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی۔
نئے جیتنے والے امیدوار ریاستی اسمبلی میں سب سے کم عمر ایم ایل اے ہوں گے ۔ ترنمول امیدوار مدھوپرنا کو کل ایک لاکھ ۷ہزار۷۰۶ووٹ ملے ۔ انہوں نے اپنے حریف بی جے پی امیدوار کو۳۳ہزار۴۵۵ووٹوں سے شکست دی۔ بی جے پی امیدوار کو۷۴ہزار۲۵۱ووٹ ملے ۔
رائے گنج اسمبلی سیٹ سے بھی ترنمول کانگریس کے امیدوار کرشنا کلیانی نے اپنے قریبی حریف بی جے پی امیدوار مانس کمار گھوش کو۵۰ہزار۷۷ووٹوں سے شکست دی۔
ریاست کی تیسری اسمبلی سیٹ راناگھاٹ سے ترنمول کانگریس کے امیدوار مکوت منی ادھیکاری نے اپنے قریبی حریف بی جے پی امیدوار منوج کمار بسواس کو۳۹ہزار۴۸ووٹوں سے شکست دی۔
ریاست کی چوتھی اسمبلی سیٹ مانی کٹلا سے ترنمول کانگریس کی امیدوار سوپتی پانڈے نے اپنے قریبی حریف بی جے پی امیدوار کلیان چوبے کو۶۲ہزار۳۱۲ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی۔ پانڈے کو کل۸۳ہزار۱۱۰ووٹ ملے ۔
کانگریس نے پہاڑی ریاست ہماچل پردیش کی تین اسمبلی سیٹوں میں سے دو پر کامیابی حاصل کی اور بی جے پی کو ایک سیٹ سے مطمئن ہونا پڑا۔ کانگریس امیدوار کملیش ٹھاکر جو ریاست کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کی اہلیہ ہیں، نے بی جے پی امیدوار ہوشیار سنگھ کو شکست دی۔ محترمہ کملیش نے سنگھ کو۹۳۹۹ووٹوں سے شکست دی۔ سنگھ کو۲۳ہزار۳۳۸ووٹ ملے۔
ہمیر پور اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کے آشیش شرما نے اپنے قریبی حریف کانگریس کے ڈاکٹر پشپندر ورما کو۱۵۷۱ووٹوں سے شکست دی۔ شرما کو ۲۷۰۴۱ووٹ ملے جبکہ ڈاکٹر ورما کو۲۵۴۷۰ووٹ ملے ۔
نالہ گڑھ اسمبلی حلقہ میں کانگریس کے ہردیپ سنگھ باوا نے بی جے پی امیدوار کے ایل ٹھاکر کو۸۹۹۰ووٹوں سے شکست دی۔ باوا کو ۳۴ہزار۶۰۸ووٹ ملے ، جب کہ ان کے قریبی حریف بی جے پی کے مسٹر ٹھاکر کو۲۵ہزار۶۱۸ووٹوں سے اکتفا کرنا پڑا۔
دیو بھومی اتراکھنڈ کی بدری ناتھ اور منگلور اسمبلی سیٹوں پر کانگریس کا غلبہ رہا۔ بدری ناتھ سیٹ پر کانگریس امیدوار لکھپت سنگھ بٹولا نے اپنے قریبی حریف بی جے پی امیدوار راجندر سنگھ بھنڈاری کو۵۲۲۴ووٹوں سے شکست دی۔
ریاست کی دوسری اسمبلی سیٹ منگلور میں کانگریس کے امیدوار قاضی محمد نظام الدین نے اپنے حریف بی جے پی امیدوار کرتار سنگھ بھڈانہ کو۴۲۲کے معمولی فرق سے شکست دی۔ نظام الدین کو۳۱ہزار۷۲۷ووٹ ملے
آزاد امیدوار شنکر سنگھ نے بہار کے پورنیہ ضلع کی روپولی اسمبلی سیٹ پر اپنے قریبی حریف جنتا دل یونائیٹڈ کے کالادھر منڈل پر ۸۲۴۶ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے ) اور انڈیا گروپ کے امیدواروں کو شکست دی۔
آزاد امیدوار سنگھ نے ۶۸ہزار۷۰ووٹ حاصل کیے ، جب کہ ان کے قریبی حریف جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے منڈل۵۹ہزار۸۲۴ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ۔
مدھیہ پردیش کے امرواڑہ اسمبلی ضمنی انتخاب میں بی جے پی امیدوار کملیش شاہ نے اپنے قریبی حریف کانگریس کے دھیرن شاہ کو تین ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دے کر کانگریس سے یہ سیٹ چھین لی ہے ۔ کملیش شاہ کو ۸۳ہزار۳۶اور دھیرن شاہ کو۷۹ہزار۷۸۴ووٹ ملے
تمل ناڈو میں حکمراں دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے ) نے ضمنی انتخاب میں وکراونڈی اسمبلی سیٹ کو برقرار رکھا ہے اور پارٹی کے امیدوار اینیور سیوا نے پٹالی مکل کچی (پی ایم کے ) کے سی انبومانی کو۶۷ہزار۷۵۷ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی ہے ۔ شیوا نے ایک لاکھ۲۴ہزار۵۳ووٹ حاصل کیے ۔
پنجاب میں جالندھر ویسٹ اسمبلی ضمنی انتخاب میں، عام آدمی پارٹی (آپ) کے امیدوار موہندر بھگت نے اپنے قریبی حریف بی جے پی امیدوار شیتل انگورل سے ۳۷ہزار۳۲۵ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔ بھگت کو کل۵۵ہزار۲۴۶ووٹ ملے جبکہ بی جے پی امیدوار کو۱۷ہزار۹۲۱ووٹ ملے ۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے بعد ۱۰جولائی کو سات ریاستوں کی۱۳اسمبلی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخابات ہوئے تھے ۔ یہ تمام نشستیں مختلف وجوہات کی بنا پر خالی پڑی تھیں اور ان کو پُر کرنے کے لیے ضمنی انتخابات کرائے گئے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔