ہم سمجھ نہیں پا رہے ہیں اور… اور اللہ میاں کی قسم بالکل بھی سمجھ نہیں پا رہے ہیں کہ آخر اب راہل گاندھی کو اور کیا کرنا ہے جس سے وزیر اعظم نریندر مودی ان سے متاثر ہوں … ہم سمجھ نہیں پا رہے ہیں ۔ سوچا تھا کہ …کہ راہل گاندھی وزیر اعظم کو متاثر کرنے میں کامیاب ہو ئے ہوں گے… اور اس لئے ہوئے ہوں گے کیونکہ ایک دو سال سے ان کی کار گردگی کافی متاثر کن رہی ہے…بھارت جوڑو یاترا سے سے نیائے یاترا تک راہل گاندھی نے اپنا قد … سیاسی قد کافی بڑا کر دیا … ایسا ہم نے سوچا تھا … لیکن نہیں صاحب ایسا نہیں ہے… کم از کم اپنے مودی جی ایسا نہیں سمجھتے ہیں… سمجھتے تو… تو انہوں نے روز گزشتہ لوک سبھا میں راہل گاندھی کا جو حال بے حال کردیا … انہیں ’بالک بدھی‘ قرار دیا اس کے بعد تو صاحب ہم سمجھ گئے ہیں کہ مودی جی اب بھی انہیں بچہ ہی سمجھتے ہیں… وہ بچہ جس کا دماغ بچوں جیسا ہی ہے … اس کے باوجود مودی جی انہیں ’بالک بدھی‘ سمجھتے ہیں کہ راہل گاندھی نے’کانگریس مکت‘ کے خواب … وزیر اعظم کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں ہونے دیا… اس کے باوجود سمجھتے ہیں کہ راہل گاندھی نے حالیہ لوک سبھا انتخابات میں ایک نہیں بلکہ دو حلقوں سے کامیابی حاصل کی… اس کے باوجود سمجھتے ہیں کہ راہل گاندھی نے ’انڈیا الائنس‘ کوایک حقیقت میں بدلنے میں ایک کلیدی رول ادا کیا… اس کے باوجود سمجھتے ہیں کہ کانگریس نے حالیہ لوک سبھا الیکشن میں تقریباً ایک سو نشستیں حاصل کیں… اس کے باوجود سمجھتے ہیں کہ انڈیا الائنس کی وجہ سے مودی جی کی جماعت کو پچاس سٹھ نشستوں کا نقصان اٹھانا پڑا… اس کے باوجود سمجھتے ہیں کہ راہل گاندھی لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر ہیں… اس کے باوجود وزیر اعظم انہیں ’بالک بدھی‘ سمجھتے ہیں… بچہ سمجھتے ہیں ۔صاحب !ہماری سمجھ میں تو کچھ نہیں آرہا ہے کہ اب راہل گاندھی کو کیا کرنا چاہئے… انہیں خود میں اور کیا کیا بدلاؤ لانے چاہئیں تاکہ یہ مودی جی کو متاثر کر سکیں… تاکہ وہ انہیں بچہ نہ سمجھ لیں… ہماری سمجھ میں تو کچھ نہیں آ رہا ہے… سوائے اس ایک بات کے کہ… کہ راہل گاندھی سے زیادہ بدلاؤ کی ضرورت وزیر اعظم کو ہے… اُس نظر میں بدلاؤ کی ضرورت‘ اس سوچ میں بدلاؤ کی ضرورت جس نظر سے یہ راہل گاندھی کو دیکھتے ہیں… جس سوچ سے یہ راہل گاندھی کے بارے میں سوچتے ہیں… اگر ایسا ہوا تو… تو مودی جی بھی یقینا راہل گاندھی بچہ نہیں سمجھیں گے… ’بالک بدھی‘ تو بالکل بھی نہیں ۔ ہے نا؟