ممبئی// بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے جمعرات کو بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے 2024-25 کے بین الاقوامی ڈومیسٹک سیزن کے شیڈول کا اعلان کیا۔
بی سی سی آئی کے اعلان کے مطابق یہ سیشن ستمبر میں شروع ہوگا۔ سیزن کے پہلے حصے میں ہندوستانی ٹیم بنگلہ دیش کے ساتھ دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کھیلے گی اور اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا ٹیسٹ 19 ستمبر سے چنئی میں اور دوسرا ٹیسٹ 27 ستمبر سے کانپور میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دھرم شالہ، دہلی اور حیدرآباد میں تین ٹی۔ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔
بنگلہ دیش کے دورے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے ہندوستان آئے گی۔ پہلا ٹیسٹ 16 اکتوبر سے بنگلورو میں شروع ہوگا۔ اس کے بعد دوسرا ٹیسٹ 24 اکتوبر سے پونے میں اور تیسرا ٹیسٹ یکم نومبر سے ممبئی میں کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ کی ٹیم نئے سال کے آغاز میں ہندوستان کا دورہ کرے گی۔ پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 22 جنوری سے چنئی میں ہوگا۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی 25 جنوری کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد 28 جنوری کو راجکوٹ، 31 جنوری کو پونے اور 2 فروری کو ممبئی کھیلا جائے گا۔ تین ون ڈے میچوں کی سیریز 6 فروری سے ناگپور میں شروع ہوگی۔ اس کے بعد دوسرا اور تیسرا ون ڈے میچ 9 فروری کو کٹک اور 12 فروری کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔