نئی دہلی// وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستان بحر ہند کے علاقے میں آزاد بحری سفر اور قواعد پر مبنی عالمی نظام کے حق میں ہے اور اس تناظر میں بحریہ ہند بحرالکاہل خطہ میں معاشی طاقت یا فوجی طاقت کی بنیاد پر کسی بھی ملک کی اجارہ داری کے خلاف ہے ۔
مسٹر سنگھ نے آج بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں مشرقی بحریہ کمان کا دورہ کیا اور جنگی جہاز آئی این ایس جلاشو پر سوار ہوکر ‘سمندر میں ایک دن’ پروگرام میں شامل ہوئے ۔ مسلسل دوسری مدت کے لیے وزیر دفاع کا عہدہ سنبھالنے کے بعد مسٹر سنگھ کا کسی فوجی اڈے کا یہ پہلا دورہ تھا۔
تقریب کے دوران وزیر دفاع نے بحریہ کی جنگی صلاحیت اور تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے کمانڈ کے مختلف جنگی جہازوں، آبدوزوں اور طیاروں کی کارروائیوں کا مشاہدہ کیا۔ ان کے ساتھ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل دنیش کے ترپاٹھی اور فلیگ آفیسر کمانڈنگ ان چیف ایسٹرن نیول کمانڈ وائس ایڈمرل راجیش پینڈھارکر بھی تھے ۔
مشرقی بحری بیڑے کے افسروں اور ملاحوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے مسٹر سنگھ نے بحریہ کی ہمیشہ آپریشنل طور پر تیار رہنے اور بحر ہند کے علاقے میں پہلی جوابی قوت کے طور پر ابھرنے کے لیے تعریف کی۔ انہوں نے کہا، "ہماری بحریہ اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ کوئی بھی ملک انڈو پیسیفک خطے میں کسی دوسرے کو دبانے یا معاشی طاقت یا فوجی طاقت کی بنیاد پر اس کی اسٹریٹجک خود مختاری کو خطرہ میں نہ ڈالے ۔ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کے خطہ میں سب کے لیے سلامتی اور ترقی کے وژن (ساگر) کے مطابق ہے ، جس میں خطے میں ہمارے دوست ممالک محفوظ رہیں اور باہمی ترقی کی راہ پر مل کر آگے بڑھیں’’ ۔
وزیر دفاع نے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا مقام بلند کرنے میں بحریہ کے کردار کی بھی تعریف کی ۔
بحریہ کی بڑھتی ہوئی طاقت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ وہ ہندوستان کی سمندری سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے تجارتی مفادات خطے سے جڑے ہوئے ہیں، اور بحریہ وسیع تر قومی مقاصد کو حاصل کرتے ہوئے سمندری سرحدوں کو محفوظ بنانے کا ایک ذریعہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے قومی مفاد سب سے اہم ہے اور یقین دلایا کہ ان کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔
‘سمندر میں ایک دن ’ پروگرام کا اختتام ‘سن رائز فلیٹ’ کے عملے کے ساتھ روایتی بڑاکھانہ کے ساتھ ہوا۔ قبل ازیں، وزیر دفاع کا وشاکھاپٹنم میں آئی این ایس ڈیگا پہنچنے پر ‘گارڈ آف آنر’ کے ساتھ رسمی طور پر استقبال کیا گیا۔