سرینگر/۷جون
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے بارہمولہ لوک سبھا حلقہ کے جیتنے والے امیدوار انجینئر رشید کی جانب سے پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں دائر ضمانت عرضی کے جواب میں عدالت سے اپنے اعتراضات داخل کرنے کے لیے مزید وقت مانگا ہے۔
عدالت نے این آئی اے کی درخواست منظور کرتے ہوئے اگلی سماعت ۱۸ جون تک ملتوی کردی ہے، تاہم رشید کے وکیل کو یہ چھوٹ دی گئی ہے کہ اگر حلف نامہ ۱۸جون تک یا اس سے پہلے جاری کیا جاتا ہے تو وہ فوری درخواست دائر کر سکتے ہیں۔
رشید اس وقت منی لانڈرنگ کیس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں تہاڑ جیل میں بند ہیں اور انہوں نے حال ہی میں ختم ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں اپنے حریفوں کو بڑے فرق سے شکست دی تھی۔
ایڈیشنل سیشن جج (اے ایس جے) چندر جیت سنگھ نے جمعرات کو اس معاملے میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) سے جواب مانگا تھا جب ان کے وکیل وخیت اوبرائے نے حلف اٹھانے اور دیگر پارلیمانی فرائض انجام دینے کیلئے عبوری ضمانت یا تحویل پیرول کی درخواست کی تھی۔