نئی دہلی/۷جون
وزیر اعظم نریندر مودی این ڈی اے ممبران پارلیمنٹ کا لیڈر منتخب ہوئے ہیں جس کے بعد اب وہ اتوار ۹ جون کو وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیں گے ۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما پرہلاد جوشی نے این ڈی اے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کہا کہ نریندر مودی اتوار کو تیسری بار وزیر اعظم کے طور پر حلف لیں گے۔
جوشی نے مودی کو اپنا لیڈر منتخب کرنے کے لئے نئی دہلی میں پرانے پارلیمنٹ بلڈنگ کے سینٹرل ہال میں جمع این ڈی اے رہنماو¿ں کو بتایا کہ حلف برداری کی تقریب 9 جون کو شام 6 بجے ہوگی۔
این ڈی اے ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ چیف منسٹرس سمیت اتحاد کے سینئر قائدین اس میٹنگ میں موجود تھے جہاں بی جے پی صدر جے پی نڈا کی جانب سے مودی کی قیادت کی حمایت میں ایک قرارداد پیش کئے جانے کا امکان ہے۔
مودی کے این ڈی اے ممبران پارلیمنٹ کا لیڈر منتخب ہونے کے بعد تلگو دیشم پارٹی کے این چندرا بابو نائیڈو ، جنتا دل یونائیٹڈ کے نتیش کمار اور شیوسینا کے ایکناتھ شندے جیسے اتحاد کے سینئر ارکان وزیر اعظم کے ساتھ صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے تاکہ انہیں ان کی حمایت کرنے والے ارکان پارلیمنٹ کی فہرست پیش کی جاسکے۔
نائیڈو کے علاوہ کمار اور شندے، چراغ پاسوان، جیتن رام مانجھی، انوپریا پٹیل، پون کلیان بھی بی جے پی کے سینئر قائدین کے ساتھ مرکزی اسٹیج پر موجود تھے۔
این ڈی اے کے پاس 293 ارکان پارلیمنٹ ہیں جو 543 رکنی لوک سبھا میں اکثریت کے نشان 272 سے زیادہ ہیں۔