سرینگر//
جنوبی کشمیر کے چرسو اونتی پورہ میں اتوار کی سہ پہر نجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں خاتون کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوئے ۔
اطلاعات کے مطابق چرسو اونتی پورہ میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار چھ افراد شدید طورپر زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور پانچ زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے خاتون کو مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت سمیا زوجہ مدثر احمد گنائی ساکن پنز گام اونتی پورہ کے بطور ہوئی ہے ۔
ذرائع نے زخمیوں کی شناخت لالی جان زوجہ عبدالحمید تیلی ساکن پکھر پورہ بڈگام، زبیدہ زوجہ ذاکر حسین بانڈ ساکن کرنبل پانپور، عبدالحمید تیلی ولد علی محمد ساکن پکھر پورہ ، عالمہ جان دختر شوکت احمد ڈار ساکن پانپور اور نورلد میاں ولد آزاد میاں ساکن بہار کے بطور کی ہے ۔
اس دوران وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے کرہاما بائی پاس پر اتوار کی سہ پہر ایک المناک سڑک حادثے میں ایک۱۹سالہ لڑکے کی موت ہو گئی۔
ایک عہدیدار نے ایک مقامی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ کرہاما گاندربل کے رہائشی حذیف شفیع ولد محمد شفیع غنی کی کرہاما کے مقام پر تیز رفتار سومو کی ٹکر سے موت ہو گئی۔
اسے فوری طور پر ضلع اسپتال گاندربل لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔