جموں//
سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سینئر لیڈر شاہنوا ز حسین نے ہفتے کے روز کہا کہ مودی کو ڈکٹیٹر کہنے والا خود سب سے بڑا ڈکٹیٹر ہے ۔
حسین نے کہاکہ بھاجپا مسلمانوں کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھتی ہے ۔ان کے مطابق دفعہ ۳۷۰کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں حالات معمول پر آئے ۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
حسین نے کہا’’دفعہ ۳۷۰کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں حالات یکسر تبدیل ہوئے ہیں‘‘۔
بی جے پی لیڈر نے کہاکہ کانگریس کی نظریں کمزور ہیں اور انہیں جموں وکشمیر میں بدلاو نظر نہیں آرہا ۔
حسین نے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی جموں وکشمیر کی سبھی پارلیمانی نشستوں پر جیت حاصل کرئے گی۔انہوں نے کہا کہ لوگ پھر سے مودی کو تیسری مرتبہ ملک کا وزیر اعظم بنانے کے لئے تیار ہیں ۔
سابق مرکزی وزیر سے جب سوال کیا گیا کہ بھاجپا نے اس بار کسی بھی مسلم کو ٹکٹ نہیں دیا تو اس کے جواب میں شاہنواز حسین نے کہاکہ بی جے پی مسلمانوں کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مسلم سماج سبھی مرکزی اسکیموں سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں ۔
نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کا ہدفہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی لیڈر نے کہاکہ بھاجپا کے بارے میں جو ڈر پیدا کیا گیا وہ خوف ہم نے لوگوں سے نکالا ہے ۔
حسین نے کہاکہ مسلم سماج مودی کے ساتھ ہیں اور لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی واحد بڑی پارٹی کے طورپر ابھر کر سامنے آئے گی۔