سرینگر//
نیشنل کانفرنس کی جانب سے سرینگر لوک سبھا حلقہ سے عمر عبداللہ اور اننت ناگ راجوری سیٹ سے میاں الطاف کو میدان میں اتارے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے ایک مقامی خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کو بتایا کہ پارٹی نے سرینگر اور اننت ناگ راجوری حلقوں سے بالترتیب عمر عبداللہ اور میاں الطاف کی امیدواری کو تقریبا حتمی شکل دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پارٹی بارہمولہ لوک سبھا سیٹ سے سابق وزیر میر سیف اللہ یا چودھری محمد رمضان یا آغا روح اللہ کو میدان میں اتار سکتی ہے۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے حال ہی میں کہا تھا کہ پارٹی عید کے بعد لوک سبھا انتخابات کیلئے اپنے امیدواروں کا اعلان کرے گی۔
سرینگر حلقہ ‘ جس میں سرینگر ضلع کی آٹھ نشستیں ، بڈگام کی تین نشستیں ، گاندربل کی دو نشستیں ، پلوامہ کی چار نشستیں اور شوپیاں کی ایک نشست شامل ہے ، نیشنل کانفرنس کا مقابلہ اپنی پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے ہوگا۔
اننت ناگ راجوری سیٹ میں ضلع اننت ناگ کی سات نشستیں، کولگام کی تین نشستیں، شوپیاں ضلع کی ایک نشست، راجوری کی چار نشستیں اور پونچھ کی تین نشستیں شامل ہیں۔
اس سے پہلے ایسی خبریں تھیں کہ سابق وزیر اعلی اور ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے صدر اس سیٹ سے انتخاب لڑ سکتے ہیں۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی بھی اس حلقے سے انتخاب لڑنے پر غور کر رہی ہیں۔
بارہمولہ حلقہ میں مقابلہ روایتی حریف نیشنل کانفرنس اور پیپلز کانفرنس کے درمیان ہوگا۔یہ حلقہ بارہمولہ کی سات، کپواڑہ کی چھ، بانڈی پورہ کی تین اور بڈگام ضلع کی دو نشستوں پر پھیلا ہوا ہے۔