تو صاحبان ‘ مہر بان ‘ قدردان دل تھام کر بیٹھ لیجئے اور … اور اس لئے بیٹھ لیجئے کہ … کہ انتخابی کمیشن … ملک کا انتخابی کمیشن آج ملک میں عام انتخابات کے ساتھ ساتھ کچھ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا بھی اعلان کرنے والا ہے اور… اور سو فیصد کرنے والا ہے ۔ کمیشن کشمیر… جموں کشمیر میں بھی یقینا انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے گا … لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کا … لیکن کیا اسمبلی انتخابات… جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا بھی اعلان کیا جائیگا … صاحب یہ ملین ڈالر کا سوال ہے جس کا جواب ہم میں سے کسی کے پاس نہیں ہے اور … اور بالکل بھی نہیں ہے ۔ ہاں اتنا ضرور ہے کہ الیکشن کمیشن کے جموں کشمیر کے حالیہ دورے کے دوران کمیشن نے اسمبلی انتخابات کے بارے میں جو کچھ بھی باتیں کی ہیں… اس سے یقینا یہ امید پیدا ہو گئی ہے کہ … کہ شاید اب وہ گھڑی آنے والی ہے جس کا لوگوں کو انتظار تھا … لمبا انتظار تھا اور… اور لوک سبھا کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا بھی اعلان کیا جائے گا اور … اور اس لئے کیا جائے گا کہ موقع بھی ہے اور دستور بھی … جہاں جموں کشمیر میں لوک سبھا کے الیکشن کیلئے حالات ساز گار ہیں… وہاں اسمبلی انتخابات کیلئے کوئی دوسرا معیار وضع اور… اور ایجاد کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔اور صاحب یہ بھی تو سچ ہے کہ ویسے بھی ستمبر… ۳۰ ستمبر سے پہلے تو جموں کشمیر میں اسمبلی الیکشن کرانے ہیں… لوک سبھا الیکشن کے ساتھ ایک دو ماہ نکل جائیں گے … یعنی مئی کے آخر تک لوک سبھا الیکشن کا عمل مکمل ہو جائیگا… پھر سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن میں تین چاہ ماہ ہی رہ جائیں گے… یعنی تین چار ماہ میں پھر وہی مشق دہرانے کی کیا ضرورت ہے جبکہ اس عمل… اس مشق کو لوک سبھا الیکشن کے ساتھ ہی پایہ تکمیل کو پہنچایا جا سکتا ہے اور… اور سو فیصد پہنچایا جا سکتا ہے … اور ویسے بھی بی جے پی کو یقین ہے اور… اور سو فیصد یقین ہے کہ وہ لوک سبھا الیکشن جیت کر تیسری بار مرکز میں حکومت بنائیگی… کیا خبر کہ … کہ اگر جموں کشمیر میں لوک سبھا کے ساتھ ساتھ اسمبلی الیکشن ہو جاتے ہیں تو… تو بی جے پی اسمبلی الیکشن میں بھی بازی مار لے کہ … کہ دہلی ہی نہیں بلکہ جموں کشمیر بھی اس کا ہدف جو ہے ۔ ہے نا؟