نیویارک//
معروف امریکی کمپنی ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کی مجموعی مالیت میں رواں سال 40 بلین ڈالرز کی کمی آئی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ایلون مسک کی مجموعی مالیت میں یہ کمی دنیا کی 10 امیر ترین شخصیات کی فہرست میں بہت اہمیت کی حامل ہے۔
بلومبرگ بلینیئر انڈیکس کے مطابق، مسک کبھی دنیا کے امیر ترین آدمی تھے لیکن اب وہ 189 بلین ڈالرز کی مجموعی مالیت کے ساتھ دنیا کی امیر ترین شخصیات کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔
لوئی وٹان کے برنارڈ آرنلٹ 201 بلین ڈالرز کی مجموعی مالیت کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ جیف بیزوس 198 بلین ڈالرز کی مجموعی مالیت کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔جیف بیزوس نے ایلون مسک کو شکست دی تھی کیونکہ وہ اس ہفتے کے آغاز میں سب سے امیر آدمی بن گئے تھے لیکن پھر برنارڈ آرنلٹ نے ان کی جگہ لے لی۔
ٹیسلا کے 21 فیصد شیئرز ایلون مسک کی مجموعی مالیت میں بڑا حصّہ ڈالتے ہیں اس لیے اب ان شیئرز کی گرتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے ان کی مجموعی مالیت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
ٹیسلا کے شیئرز میں 29 فیصد کی کمی ہوئی کیونکہ اس ہفتے کے آغاز میں چین میں کمپنی کی فروخت بہت مایوس کن رہی۔
علاوہ ازیں، برلن کے قریب ٹیسلا کی فیکٹری میں تخریب کاری کے ایک واقعے کے بعد کام روک دیا گیا ہے۔