نئی دہلی// مرکزی کوآپریٹو وزیر امت شاہ نے ہفتہ کو یہاں شہری کوآپریٹو بینکوں کی امبریلا تنظیم نیشنل اربن کوآپریٹو فائنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر امداد باہمی کے وزیر مملکت بی ایل ورما اور وزارت کے سکریٹری ڈاکٹر آشیش کمار بھوٹانی سمیت کئی معززین موجود تھے ۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ جب تک کوآپریٹیو اداروں کو آگے بڑھنے کی طاقت نہیں دی جائے گی، ترقی نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 20 سال کی جدوجہد کے بعد وکاس نگم لمیٹڈ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے اور یہ ہر ایک کے لیے بہت ہی مبارک دن ہے ۔
مرکزی وزیر کوآپریٹیو نے کہا کہ پہلے کوآپریٹو وزارت اور کوآپریٹو سیکٹر کئی وزارتوں میں بکھرے ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے 75 سال بعد ایک علیحدہ وزارت امداد باہمی بنا کر امداد باہمی کو نئی زندگی دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 125 سال تک کوآپریٹو سیکٹر نے جدوجہد کی اور اپنا وجود بچایا لیکن اب سرکاری نظام کے تعاون سے یہ تیز رفتاری سے چلے گا اور ملکی معیشت میں اپنا وقار حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو تحریک کو عوامی تحریک میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔
مسٹر شاہ نے کہا کہ یہ امبریلاْ تنظیم وقت کی ضرورت تھی اور خود کو منظم کرنے کے لیے ایک طرح کی نئی شروعات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس تنظیم کے بننے کے بعد ملک میں اربن کوآپریٹو بینکوں کی ترقی میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ "یہ ہماری ساکھ کے لیے بہت اہم ہے کہ ہم خود کو اپ گریڈ کریں اور ریزرو بینک آف انڈیا کے تمام اصولوں پر عمل کریں۔ اگر ہم ایسا نہیں کرتے ہیں تو ہم مستقبل میں مسابقتی نہیں رہ سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ امبریلا تنظیم کے اہم کاموں میں سے ایک چھوٹے سے چھوٹے بینکوں کو بھی تیار کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ‘‘ہمیں ہر شہر میں اربن کوآپریٹو بینک کھولنے کے مقصد کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے ۔’’
مرکزی کوآپریٹیو وزیر نے کہا کہ کوآپریٹو فائننس میں اچھا کام کرنے والی کریڈٹ سوسائٹیوں کو بینکوں میں تبدیل کرنے کے لیے اس امبریلا تنظیم میں ایک انتظام کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ کا ایک مقصد کریڈٹ سوسائٹیز اور اربن کوآپریٹو بینکوں کی خدمات اور تعداد کو بڑھانا بھی ہونا چاہیے ۔ ہمیں ایک وقت کا پابند پروگرام بنانا چاہیے کہ ہر شہر میں اربن کوآپریٹو بینک کیسے ہو۔ انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو موومنٹ کو زندہ رکھنے کے لئے اسے وسعت بھی دینا ہوگی۔