لکھنؤ//کسانوں کے مسیحا کہیے جانے والے سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ کو بھارت رتن دینے کے فیصلے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے پیر کو کہا کہ اترپردیش کی دھرتی سے تعلق رکھنے والے چودھری صاحب کا احترام ملک کے کروڑوں محنت کشن کسانوں کا احترام ہے ۔
لکھنؤ میں گراونڈ بریکنگ سریمینی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعوی کیا کہ پہلے گورنمنٹ اعزازات فراہم کرنے میں بھید بھاؤ سے کام ہوتا تھا اور ایک کنبہ ہی سرکاری اعزاز پر اپنا حق سمجھتا تھا جبکہ بی جے پی حکومت نے اسے مبینہ روایت کو بدلا ہے ۔ انہوں نے چھوٹے کسانوں کے لئے چودھری چرن سنگھ کے کردار کی تعریف کی اور کہا’چودھری صاحب کی ترغیب سے ہم ملک کے کسانوں کو مستحکم بنا رہے ہیں۔
زراعت میں نئی راہیں تلاش کرنے میں کسانوں کی مدد کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ، وزیر اعظم نے کہا ‘ہم ملک کے زرعی شعبے کو ایک نئی راہ پر لے جانے کے لیے کسانوں کی حمایت اور حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔اتر پردیش میں گنگا کے کنارے بڑے پیمانے پر قدرتی کھیتی کا حوالہ دیتے ہوئے قدرتی کھیتی اور موٹے اناج پرزور دیا اور کہا کہ اس سے نہ صرف کسانوں کو فائدہ ہوتا ہے بلکہ ہماری مقدس ندیوں کی پاکیزگی کو برقرار رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے ۔
فوڈ پروسیسنگ کے کاروباریوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنی کوششوں میں ‘زیرو اثر، زیروخرابی’ کے منتر کو ترجیح دیں۔ انہوں نے سدھارتھ نگر کے کالا نمک چاول اور چندولی کے بلیک رائس جیسی مصنوعات کی کامیابی کی کہانیوں کو اجاگر کرتے ہوئے دنیا بھر میں کھانے کی میزوں پر ہندوستانی کھانے کے پروڈکٹ کو پروسنے کے مشترکہ مقصد کی سمت کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا، جو اب خاطر خواہ مقدار میں برآمد کئے جارہے ہیں۔