ہم بھی اپنے گورے گورے بانکے چھورے ‘ عمرعبدللہ کی باتوں میں آگئے تھے اور… اور ہمیں بھی لگا تھا کہ ہماری … ہم کشمیریوں کی کوئی اوقات نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے ہمارا ہونا یا نہ ہونا ایک جیسی بات ہے کہ کل ملا کے جموںکشمیر اور لداخ میں لوک سبھا کی ۶ نشستیں ہیں… اب کہاں ۵۴۳ نشستیں اور کہاں ہماری ۶۔ عمرعبداللہ اکثر کہتے ہیں یا ان کے کہنے کا مطلب ہوتاہے کہ لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے جموں کشمیر کا ہونا یا نہ ہو نا ایک ہی بات ہے… یا اگر کوئی بات ہے بھی تو وہ کوئی بڑی بات نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔ لیکن… لیکن ہم غلط تھے اور… اور سو فیصد تھے۔ عمر صاحب خواہ مخواہ ہم کو‘ خود کو اور کشمیر کو کم تول رہے ہیں… ہلکا لے رہے ہیں… جبکہ حقیقت یہ ہے کہ انہیں کشمیر کو اتنا ہلکا لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے ۔ ہم تو یقینا اپنی اس غلطی سے باز آگئے ہیں ‘ یقین ہے کہ عمر صاحب بھی جلد باز آجائیں گے اور… اور اس لئے آجائیں گے کہ اگر ہمارا ہونا یا نہ ہونا ایک ہی بات ہے تو… تو پھر وزیر اعظم مودی جی سے لے کر شریمان امت شاہ جی تک کیوں کہہ رہے ہیں‘ بار بارکہہ رہے ہیں اور… اور ہر ایک بات پر کہہ رہے ہیں کہ ان کی جماعت کو لوک سبھا انتخابات میں ۳۷۰ نشستیں ملیں گی اور…اور اس لئے ملیں گی کہ … کہ مودی جی کی حکومت نے جموں کشمیر سے ۳۷۰ کو ختم کیا ‘ منسوخ کیا ‘ زمین بوس کیا ۔اب گزشتہ ۵ برسوں میں مودی جی نے یہی ایک کام … اچھا کام تو نہیں کیا ہو گا‘ انہوں نے اور بھی اچھے کام کئے ہوں گے… گرچہ اپوزیشن کا جاننا اور ماننا ہے کہ مودی جی نے کوئی کام… اچھا کام نہیں کیا… تو مودی جی اپنے اُن اچھے کاموں پر ووٹ کیوں نہیں مانگ رہے ہیں… کیوں انہیں امید ہے کہ ان کی جماعت ‘ بی جے پی کو ۳۷۰ نشستیں ملیں گی …یقینا ہم میں کچھ خاص ہے جو مودی جی اور شریمان امت شاہ جی ہمارا حوالہ دے رہے ہیں… اگر ایسا نہیں ہو تا تو… تو دونوں ۳۷۰ نشستیں حاصل کرنے کا دعویٰ نہیں کرتے… یہ ایسا دعویٰ ہماری وجہ سے‘ کشمیر کی وجہ سے کررہے ہیں اور… اور ایک عمر عبداللہ ہیں جو کشمیر کو ہلکا لے رہے ہیں اور سو فیصد لے رہے ہیں۔ ہے نا؟