جموں//
پاکستان رینجرز نے بدھ کے روز جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بین الاقوامی سرحد پر بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کی چوکی پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔
عہدیداروں نے بتایا کہ مکوال میں سرحدی چوکی پر تعینات بی ایس ایف کے جوانوں نے سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا اور یہ تبادلہ شام۵ بج کر۵۰ منٹ پرشروع ہوا اور۲۰ منٹ سے زیادہ وقت تک جاری رہا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی طرف سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔
پچھلے سال۸/۹نومبر کی درمیانی شب کو سانبہ ضلع کے رام گڑھ سیکٹر میں پاکستانی رینجرز کی فائرنگ میں بی ایس ایف کا ایک جوان ہلاک ہو گیا تھا جو۲۵ فروری‘۲۰۲۱کے بعد اس طرف سے پہلی موت تھی ، جب دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا۔
اس سے قبل۲۶؍ اکتوبر کو جموں کے ارنیا سیکٹر میں سرحد پار سے فائرنگ میں بی ایس ایف کے دو جوان اور ایک خاتون زخمی ہو گئے تھے جبکہ ۱۷؍اکتوبر کو اسی طرح کے ایک واقعہ میں بی ایس ایف کا ایک اور جوان زخمی ہوا تھا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ سینئر افسران صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور بین الاقوامی سرحد پر تعینات سیکورٹی اہلکاروں کو ہائی الرٹ پر رہنے کے لئے کہا گیا ہے۔
جنگ بندی کی خلاف ورزی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب جموں و کشمیر انتظامیہ ۲۰فروری کو وزیر اعظم نریندر مودی کے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے دورے کی تیاری کر رہی ہے۔