اننت ناگ//
موٹر وہیکلز ڈیپارٹمنٹ، اننت ناگ نے نیشنل روڈ سیفٹی ماہ کے حوالہ سے قصبہ بجبہاڑہ کے دورافتادہ علاقہ کھرم میں ایک بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔ بیداری پروگرام میں اے آر ٹی او اننت ناگ نے پروگرام میں شریک لوگوں خاص کر ڈرائیور حضرات سے ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری سے حادثات کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
بیداری پروگرام میں اے آر ٹی او نے کہا کہ ’’نیشنل روڈ سیفٹی کے حوالہ سے منعقدہ بیداری پروگرام کا مقصد عام لوگوں خاص کر کمرشل ڈرائیوروں کو محفوظ ڈرائیونگ کی اہمیت اور ٹریفک قوانین کی پابندی سے آگاہ کرنا ہے‘‘۔
پروگرام کے دوران دو سو سے زائد ڈرائیوروں کو روڈ سیفٹی کے مختلف اصولوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
اس دوران اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر زبیر احمد نے ٹریفک کے مختلف قوانین کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور معاشرے کے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ ٹریفک کے بہتر انتظام اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھائیں۔ آگاہی پروگرام میں ڈرائیونگ لائسنس کے ٹرائلز میں حصہ لینے والوں نے ڈرائیونگ کے دوران ٹریفک سیفٹی کے ضوابط پر عمل کرنے کا عہد کیا۔