نئی دہلی// پی وی سندھو کی قیادت والی ہندوستانی خواتین کی ٹیم اور ایچ ایس پرنئے کی قیادت میں مردوں کی ٹیم 13 سے 18 فروری تک ملائیشیا کے شاہ عالم میں کھیلی جانے والی بیڈمنٹن ایشیا ٹیم چیمپئن شپ 2024 میں اپنا دعویٰ پیش کرے گی۔
2019 کی عالمی چیمپئن پی وی سندھو گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے اکتوبر کے بعد سے کسی بھی مسابقتی ٹورنامنٹ سے حصہ نہیں رہی ہیں ایسے میں وہ ایونٹ میں کورٹ پر واپس آئیں گی۔ سندھو کے علاوہ اشمیتا چلیہا بھی سنگلز زمرے میں ہندوستانی خواتین ٹیم کا حصہ ہوں گی۔ ڈبلز زمرے میں اشونی پونپا/تنیشا کراسٹو اور ترشا جولی/گایتری گوپی چند کی جوڑی بھی ہندوستانی دستے کا حصہ ہے۔
2016 اور 2018 کے ایڈیشن میں کانسہ کے تمغے جیتنے والے ہندوستانی مردوں کو پپلز ری پبلک آف چائنا اور ہانگ کانگ چین کے ساتھ گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔ موجودہ چیمپئن ملائیشیا گروپ بی میں ہے۔
ورلڈ چمپئن شپ میڈلسٹ ایچ ایس پرنئے کے ساتھ کامن ویلتھ گیمز کے چمپئن لکشیا سین بھی سنگلز زمرے میں ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ ساتوک سائراج رینکیریڈی اور چراغ شیٹی کی جوڑی بھی اس مقابلے میں ہندوستان کے لیے اپنا حصہ ڈالے گی۔