نئی دہلی//) عام آدمی پارٹی (آپ) نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر چندی گڑھ کے میئر انتخاب میں دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوریت کا قتل ہے ۔
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا "چنڈی گڑھ کے میئر کے انتخاب میں جس طرح سے بے ایمانی کی گئی ہے وہ انتہائی تشویشناک ہے ۔ اگر یہ لوگ میئر کے انتخاب میں اتنے نیچے گرسکتے ہیں تو ملک کے انتخابات میں کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ یہ بہت تشویشناک بات ہے ۔
عام آدمی پارٹی نے کہا ‘‘بی جے پی نے چندی گڑھ کے میئر انتخابات میں جمہوریت کا قتل کیا ہے ’’۔ چونکہ میئر کے انتخاب میں ‘انڈیا’ اتحاد کو اکثریت حاصل تھی اس لیے اس کی جیت یقینی تھی لیکن بی جے پی نے غنڈہ گردی کرکے میئر کا انتخاب جیت کر بے شرمی کی تمام حدیں پار کر دیں۔ بی جے پی جب میئر کے انتخاب میں اس طرح کا دھکا مکی کر رہی ہے ، تو وہ لوک سبھا الیکشن ہارنے پر کیا کرے گی؟
خیال رہے کہ بی جے پی نے چنڈی گڑھ کے میئر کا انتخاب جیت لیا اس نے 16 ووٹ حاصل کیے ، اے اے پی اور کانگریس اتحاد کو 12 ووٹ ملے جبکہ آٹھ ووٹ باطل قرار دئیے گئے ۔