جموں//
لیفٹیننٹ گورنر ‘منوج سنہا نے آج ابھینو تھیٹر جموں میں ’اکھل بھارتیہ کوی سمیلن‘ میں شرکت کی۔
جموں کشمیر اکادمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لینگویجز کی جانب سے۷۵ ویں یوم جمہوریہ منانے کیلئے منعقدہ تقریب میں جموں و کشمیر اور ملک کی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے مشہور شاعروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر یو ٹی میں تجربہ کار اور معروف شاعروں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے نئے خیالات کی تشکیل میں ادبی شخصیات اور کاوی سمیلن جیسی تقریبات کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔
سنہا کاکہنا تھا’’ایک شاعر، مفکر، مصنف بھی ایک صوفی ہے جو نئے خیالات اور نقطہ نظر کو تشکیل دیتا ہے، نوجوان ذہنوں کو خوابوں، بصیرت اور نئے عزم سے روشن کرتا ہے‘‘۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمارے ملک میں کاوی سمیلن کی شاندار اور قابل فخر روایت ہے اور انہوں نے قومی یکجہتی میں بے پناہ تعاون کیا ہے۔
سنہا نے کہا کہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر آنے والے دنوں میں جموں و کشمیر میں پہلی ڈوگری کاوی سمیلن کا انعقاد کیا جائے گا۔