جموں//
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے ماحول کو ختم کرنے اور ہمسایہ ملک سے درپردہ جنگ کا مقابلہ کرنے کی کوششیں بغیر کسی وقفے کے جاری رہیں گی۔
سنہا نے کہا کہ دہشت گردی، اس کے ماحولیاتی نظام اور ناپاک پراکسی وار کے خلاف آخری حملے کی کوششیں جاری ہیں جس کی سرپرستی ہمسایہ ملک کر رہا ہے۔
جموں میں ۷۵ ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنی تقریر میں ایل جی نے پولیس، فوج اور نیم فوجی دستوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا’’ہم جموں و کشمیر کی سرزمین سے دہشت گردی اور اس کے ماحولیاتی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ میں پولیس فورس کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے ۱۱۳ بہادری کے تمغے حاصل کیے ہیں جو دیگر فورسز میں سب سے زیادہ ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف پولیس کی جنگ مثالی ہے‘‘۔
جی۲۰ سربراہ اجلاس کے کامیاب اختتام نے ایک طرف پوری دنیا کو جموں و کشمیر کی معاشی طاقت ، کاروباری صلاحیتوں ، ثقافتی خوشحالی اور سیاحت کے امکانات سے واقف کرایا اور دوسری طرف دہشت گردوں اور انسانیت کے دشمنوں کو زبردست دھچکا پہنچایا۔
ایل جی نے کہا کہ انتظامیہ تمام پنچایتوں اور شہری بلدیاتی اداروں میں بروقت انتخابات کرانے کیلئے پوری طرح تیار ہے ، لیکن ریزرویشن کو بڑھانے اور معقول بنانے کی آئینی ذمہ داریوں کی وجہ سے اس عمل میں تھوڑی تاخیر ہوئی ہے۔
سنہا نے کہا کہ میں سب کو یقین دلاتا ہوں کہ وزیر اعظم کی قیادت میں جموں و کشمیر میں ایک مضبوط تین سطحی پنچایتی راج نظام قائم کیا گیا ہے اور ہم مقامی حکومتوں کے اداروں کو بااختیار بنانے اور نچلی سطح پر حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔
ایل جی نے مزید کہا کہ یوم جمہوریہ کے موقع پر جموں و کشمیر کے۹۴ہزار۶۸۰ نوجوان کاروباریوں کو۱۳۸۴ کروڑ روپے کی اقتصادی امداد فراہم کی گئی ہے، جو روزگار پیدا کرنے والے کے طور پر ہماری معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ایل جی کاکہنا تھا’’مالی سال۲۰۲۱۔۲۲ سے لے کر اب تک۳۴ء۸لاکھ نوجوانوں کو خود روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔ حکومت میں۳۱۸۳۰عہدوں کیلئے میرٹ کی بنیاد پر بھرتی کو یقینی بنایا گیا ہے اور۱۲ہزار۲۶۴ نئی اسامیوں کے لئے بھرتی کا عمل جاری ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال۸۸۲ہمدردانہ تقرریوں کے معاملات منظور کیے گئے ہیں، جس سے بہادر شہیدوں کے خاندانوں اور بنیادی کمانے والوں کی بے وقت موت سے متاثر ہونے والوں کو باوقار زندگی گزارنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
ایل جی کا کہنا تھاکہ جدید جموں وکشمیر تعمیر کرنے کیلئے پُر خلوص کاوشیں کی جاری ہیں۔انہوں نے کہا’’ایک ایسا جموں وکشمیر تعمیر کیا جا رہا ہے جس میں پالیسیاں انسانی و اخلاقی اقدار کے خطوط پر بنائی جاتی ہیں‘‘۔
سنہا نے کہا’’ہم جدید جموں وکشمیر کی تعمیر کیلئے پُر خلوص کاوشیں کر رہے ہیں جس میں عام لوگوں کی امنگوں کی نمائندگی کی جا رہی ہے ‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر کا کہنا تھا’’ایک ایسا جموںکشمیر تعمیر کیا جا رہا ہے جس میں پالیسیاں انسانی اقدار کے مطابق بنائی جا رہی ہے ، جس میں صلاحیت و لیاقت کی قدر کی جاتی ہے اور جہاں امن و شانتی کا ماحول قائم ہے ‘‘۔
سنہا نے کہا’’ایک ایسا جموں و کشمیر تعمیر ہو رہا ہے جو نوجوانوں، خواتین، کسانوں اور محنت کشوں کیلئے لامتناہی مواقع فراہم کرتا ہے اور جس میں سماجی کی امنگیں بلند وبالا پہاڑوں سے بھی بلند ہیں اور پوری حکومتی میشنری لوگوں کی خواہشوں اور امنگوں کو پورا کرنے کیلئے انتہائی لگن و حوصلے سے سر گرم عمل ہے ‘‘۔
جموں و کشمیر کے لوگوں کو یوم جمہوریہ پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا’’۱۹۵۰میں اج ہی کے دن ہمارے عظیم الشان ملک نے آئین کو اپنا کر جمہوری نظریات کو اختیار کیا‘‘۔
سنہا نے کہا’’آج اس مقدس موقع پر میں ان بہادر روحوں، آزادی پسندوں اور پالیسی سازوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جن کی قربانیوں اور وژن نے ہماری اس عظیم قوم کی تعمیر کے لئے راہ ہموار کی‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر پولیس، مسلح افواج اور سی آر پی ایف اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی یکجہتی و سالمیت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔
ایل جی نے کہا’’آج بھارت دنیا کا پانچواں بڑا اقتصادی طاقت بن گیا ہے ، کئی کمیونیٹیز جنہیں آزادی کے بعد نظر انداز کیا جاتا رہا، آج ترقی کی راہ پر گامزن ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا’’بھارت مشکل ترین وقت میں دنیا کے لئے ایک مشعل کے بطور خدمات انجام دیتے ہوئے ’واسودھائیو کٹمبکم‘کے جذبے اور خود اعتمادی کے ساتھ پوری انسانیت کی بھلائی و خوشحالی کے لئے راہ ہموار کر رہا ہے ‘‘۔
سنہانے کہا کہ جموںکشمیر میں آزاد زندگی گذارنے اور سماجی مساوات کے خواب شرمندی تعبیر ہو رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ گذشتہ چار برسوں کے دوران لاتعداد چیلنجوں پر قابو پاتے ہوئے ہم نے ایک ایک ایسا جموں و کشمیر تعمیر کیا ہے جو بلند اور کود انحصار ہے ۔
ایل جی نے کہا’’سال۲۰۲۴کیلئے ہمارا پہلا ریزولیوشن نئی نسل کیلئے ایک نئے معاشرے کی بنیاد رکھنا ہے جو نئی مہارتوں، جدید علم اور وسائل کی بہتات سے بھر پور ہو اور جو ملک کی تیز رفتار ترقی میں اپنا رول ادا کر سکے ‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر کا کہنا تھا’’ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میںوکست بھارت سنکلپ یاترااستفادہ کنندگان کی دہلیز تک پہنچ گئی ہے تاکہ فلیگ شپ اسکیموں کو صد فیصد عمل میں لانے کو یقینی بنایا جا سکے ‘‘۔
سنہانے کہا کہ جموں وکشمیر نے ایسی اسکیموں میں سر فہرست رہنے کی اپنی روایت کو بر قرار رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں اس یاترا میں قریب۴۰لاکھ لوگوں نے حصہ لیا جو ایک ریکارڈ ہے ۔