نئی دہلی//
جل شکتی اور خوراک اور شہری نظام تقسیم کے مرکزی وزیر مملکت پرہلاد سنگھ پٹیل نے منگل کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے غریب کلیان یوجنا کے ذریعے مزدوروں، خواتین اور کسانوں کو بااختیار بنانے کا جو ماڈل پیش کیا ہے وہ ملک سے غریبی دور کرنے کا ایک مثالی ماڈل ہے۔
یہاں اپنی رہائش گاہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مسٹر پٹیل نے اپوزیشن کو چیلنج کیا کہ اگر وہ بحث کرنا چاہتے ہیں تو وہ وزیر اعظم مودی کی غریب کلیان یوجنا پر بات کریں، تب انہیں پتہ چلے گا کہ اس کا کیا اثر ہے اور غریبی کیسے دور ہورہی ہے۔مسٹر پٹیل نے کہا کہ ملک کے سیاسی نظام میں غریب اور غریبی کے بارے میں کافی بحث ہوتی رہی ہے، لیکن وزیر اعظم مودی کی حکومت نے غریبوں کی فلاح و بہبود کا جو ماڈل دیا ہے وہ ایک مثالی ماڈل ہے۔ اس ماڈل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں غریبوں کو راشن نہیں ملتا تھا۔
ہر کوئی پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم (پی ڈی ایس) پر انگلیاں اٹھاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کی پہلی کامیابی یہ تھی کہ 36 ریاستوں میں پی ڈی ایس نظام میں اصلاحات کی گئیں۔ ہر فرد کو پانچ کلو گرام اناج دینے کی اسکیم میں اگر ایک خاندان کو اکائی سمجھا جائے تو ہر خاندان کو 35 کلو گرام اناج ملتا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے حال ہی میں مفت اناج فراہم کرنے کی اس اسکیم کو مزید پانچ سال تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پر پانچ سالوں میں 11 کروڑ 80 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔