کوالالمپور// ایف آئی ایچ ہاکی مینزجونیئر ورلڈ کپ ملیشیا 2023 میں ہندوستان پول سی میں اپنے افتتاحی میچ میں کوریا کے خلاف جیت کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کرنا چاہے گا۔
یہ میچ کوالالمپور کے بکیت جلیل کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں منگل کو ہندوستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3:30 بجے کھیلا جائے گا۔ کوریا کے خلاف شاندار ریکارڈ رکھنے والی ہندوستانی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔ دونوں ٹیمیں اب تک چھ بار آمنے سامنے آ چکی ہیں جن میں تین میچ ہندوستان کے حق میں گئے جب کہ دو میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ ایک میچ کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔ آخری بار دونوں ٹیمیں اس سال کے شروع میں منعقدہ مردوں کے جونیئر ایشیا کپ کے سیمی فائنل کے دوران آمنے سامنے ہوئی تھیں، جہاں ہندوستان نے کوریا کے خلاف 9-1 کی زبردست جیت درج کی تھی۔
میچ کے موقع پر، ہندوستانی کپتان اتم سنگھ نے کہا، "ہمیں اچھی شروعات کا پورا یقین ہے۔ ہم نے حال ہی میں کوریا کے خلاف کھیلا ہے، اس لیے ہم چیلنج سے بخوبی واقف ہیں۔ "ہماری توجہ اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے اور اچھی ہاکی کھیلنے پر مرکوز رہے گی۔”
کوچ سی آر کمار نے کہا، "کھلاڑیوں نے سخت محنت کی ہے اور ٹیم ٹورنامنٹ کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ کوریا ایک اچھی ٹیم ہے جسے آپ ہلکے سے نہیں لے سکتے۔ ہمیں ہر حریف کا احترام کرنا ہوگا، یہ ایک بڑا پلیٹ فارم ہے، اس لیے ٹورنامنٹ میں اچھی شروعات حاصل کرنے کے لیے ہمیں چوکنا رہنا ہوگا اور میدان میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
دو بار کا جونیئر ورلڈ چیمپئن ہندوستان اپنے پول سی میچوں میں 7 دسمبر کو اسپین اور 9 دسمبر کو کناڈا سے بھڑے گا۔ پول مرحلے میں ٹاپ دومیں رہنے سے کوارٹر فائنل میں جگہ پکی ہوجائے گی۔
ٹورنامنٹ کا کوارٹر فائنل 12 دسمبر، سیمی فائنل 14 دسمبر اور فائنل 16 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔