سرینگر//
جموں کشمیر پولیس نے وسطی ضلع بڈگام میں ایک شخص جو اپنے آپ کو انڈین ایڈمنسٹریٹو افسر (آئی اے ایس) کے بطور ظاہر کر رہا تھا، کو ایک مقامی باشندے کے ساتھ دھوکہ دہی کے الزام میں گرفتار کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بڈگام پولیس اسٹیشن کو۱۸؍اکتوبر۲۰۲۳کو غلام حسن ملک ساکن عالی پورہ پتلی باغ کی طرف سے مبینہ تلبیس شخصی اسکینڈل کے متعلق ایک تحریری شکایت موصول ہوئی۔
ترجمان نے کہا’’درخواست گذار نے الزام لگایا کہ آیوش کول معروف بہ وکی، ساکن روز لین نمبر۶راج باغ سری نگر نے اپنے آپ کو آئی اے افسر کے بطور ظاہر کرکے مجھ سے میرے بیٹے کو سرکاری نوکری دلوانے کے عوض ساڑھے ۶لاکھ رویے دھوکہ دہی سے حاصل کئے ‘‘۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اس شکایت پر پولیس اسٹیشن بڈگام میں آئی پی سی کے متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
پولیس ترجمان نے کہا’’تفتیش کے دوران بنیادی ملزم آیوش کول کو گرفتار کیا گیا اور یہ بھی انکشاف ہوا کہ کول کا برہان بشیر نامی ایک اور ساتھی بھی ہے جو نند ریش کالونی بمنہ کا رہائشی ہے‘‘۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں کول اور برہان کو حراست میں لیا گیا۔پولیس نے لوگوں سے ایسے افراد سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے ۔