سرینگر//
لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا نے جمعرات کو کہاکہ وادی میں امسال مئی میں منعقدہ جی ۲۰؍اجلاس کے بعد جموں کشمیر میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں اس سال ۳۵۰ فیصد اضافہ ہوا ہے۔
یہاں نوگام ریلوے اسٹیشن پر وسٹادوم ریل کوچ کا افتتاح کرنے کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، سنہا نے یہ بھی کہا کہ اس سال اب تک۷۰ء۱ کروڑ سیاح جموں و کشمیر کا دورہ کر چکے ہیں۔
ایل جی نے کہا کہ سرینگر نے جی ۲۰میٹنگ(جی۲۰ ممبر ممالک کی تیسری ٹورازم ورکنگ گروپ میٹنگ) کی میزبانی کی اور اس کے بعد، جموں کشمیر میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں پچھلے سال سے۳۵۰فیصد اضافہ ہوا ہے۔
سنہا نے کہا کہ پچھلے سال جموں و کشمیر میں ریکارڈ۸۸ء۱کروڑ سیاحوں کی آمد ہوئی تھی لیکن اس سال ستمبر تک ۷۰ء۱کروڑ سیاح جموں و کشمیر کا دورہ کر چکے ہیں۔
سنہا نے اس موقع پر کہا کہ جدید ترین وستا ڈوم ٹرین مقامی مسافروں اور سیاحوں کو وادی میں جدید دور کے سفر کے تجربے سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وسٹاڈم کوچ ایک جدید ترین ٹرین ہے جس میں تفریح اور بیٹھنے کی جدید خصوصیات ہیں۔
ایل جی نے کہا ’’اس ٹرین میں جدید سہولیات ، چارچنگ پوائنٹس ، شفاف شیشے سے بنی چھت اور کھڑکیاں، سینسرز کے ساتھ خود کار دروازے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وسٹاڈوم ٹرین میں سفر کرنے والے مقامی مسافروں اور سیاحوں کو جدید دور کے سفر سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم ہوگا‘‘۔
سنہا نے کہاکہ اس جدید ترین ٹرین میں لوگوں کو سفر کرنے میں نہ صرف آسانی ہوگی بلکہ وہ قدرتی نظاروں سے بھی لطف اندو زہونگے ۔ایل جی نے کہاکہ نئی ٹرین بڈگام سے بانہال تک چلے گی جبکہ وہ وقت دور نہیں جب یہ ٹرین کشمیر کو کنیا کماری سے جوڑے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ وسٹا ڈوم کا تعارف جموں وکشمیر کے ترقیاتی سفر کی طرف ایک اور قدم ہے ۔
سنہا نے کہا کہ نئی ٹرین نہ صرف مسافروں کو بڈگام سے بانہال لے جائے گی بلکہ بڈگام، قاضی گنڈ اور بانہال پوائنٹس پر نوجوانوں کو روزی روٹی کے مواقع بھی فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں ریلوے کی طرف سے پیش کی جانی والی اس سروس سے مسافروں کو۱۱۰کلو میٹر کے سفر کے دوران دلکش و خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہونے کا موقع میسر ہوگا۔یہ ٹرین اس ۱۱۰کلو میٹر طویل مسافت کو صرف ۹۰ منٹوں میں طے کرے گی۔
اس مخصوص ائیر کنڈیشنڈ ٹرین میں شیشے کی بڑی کھڑکیاں، شیشے کی چھت، ایک مشاہداتی لانج اور گھومنے والی سیٹیں ہیں۔یہ ٹرین سری نگر، اونتی پورہ، اننت ناگ، قاضی گنڈ اور بانہال سمیت اہم مقامات پر رکے گی۔
اس ٹرین میں پریمیم کلاس مسافروں کے سفر کے لئے ایئر کنڈیشنڈ چیئر کار کوچ بھی شامل ہے مزید بر آں اس میں مسافروں کے لئے کھانے پینے کی سہولیت کے لئے سیٹوں کے ساتھ ٹرائے بھی منسلک ہیں۔اس ٹرین میں بھی ہوائی جہاز کی طرح دوران سفر ہلکے کھانے کا آرڈر دیا جاسکتا ہے ۔ شمالی ریلوے نے اعلیٰ حکام کی نگرانی میں اس ٹرین کا ٹرائل رن بڈگام سے بارہمولہ تک کیا تھا۔