بارہمولہ//
لیفٹیننٹ گورنر ‘منوج سنہا نے آج ضلع انتظامیہ بارہمولہ کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی اور ضلع میں ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سنہا نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ تعلیم، صلاحیت سازی، صحت کی دیکھ بھال، سیاحت کے شعبے اور شہری،دیہی ترقی کو بڑھانے کیلئے جامع زرعی ترقیاتی پروگرام کے نفاذ پر توجہ دیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ سماجی بہبود کی اسکیموں کے فوائد بغیر کسی تاخیر کے لوگوں تک پہنچنا چاہیے۔
ایل جی کاکہنا تھا’’معاشرے کے تمام پسماندہ اور کمزور طبقوں کیلئے تعلیمی مواقع کی زیادہ سے زیادہ دستیابی شرح خواندگی کو بہتر بنانے اور ہمارے بچوں کے لیے بہتر مستقبل بنانے کی کلید ہے‘‘۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہر سطح پر انتظامیہ کو اس بات کو یقینی بنانے کیلئے مربوط انداز میں کام کرنا چاہیے کہ ہر بچے کو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ سرحدی علاقوں، ویٹ لینڈز، اور ثقافتی مقامات اور ضلع میں مذہبی اہمیت کے حامل مقامات کی سیاحتی صلاحیت کو بروئے کار لائے۔
سنہانے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سماج سے منشیات کی برائی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی کوششیں تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع کو شہروں کی خوبصورتی اور عوامی مقامات اور آبی ذخائر کے ارد گرد صفائی برقرار رکھنے کے لیے صحت مندانہ انداز میں مقابلہ کرنا چاہیے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ضلعی انتظامیہ، متعلقہ محکموں کی موسم سرما کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا اور موسم سرما کے دوران بنیادی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کیلئے مربوط ایکشن پلان پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔
ضلع ترقیاتی کمشنر‘ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے ضلع میں ترقیاتی منظر نامے کا ایک جامع جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کو سرینگر۔بارہمولہ،اوڑی ایکسپریس وے اور دیگر اہم پروجیکٹوں کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔
بعد ازاں، پی آر آئی کے نمائندوں پر مشتمل متعدد وفود؛ فروٹ گروورز ایسوسی ایشن سوپور؛ پی ایم پیکیج کے ملازمین اور سول سوسائٹی کے ارکان نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور اپنے مسائل اور مطالبات کو پیش کیا۔