جموں//
جموںکشمیر کے ڈوڈہ ضلع کے سرہوا علاقے میں گذشتہ شب ایک سڑک حادثے میں۳مزدور از جان جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوگئے ۔
ذرائع کے مطابق درمیانی شب ڈوڈہ کے سر ہوا علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر تین سو فٹ گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار آٹھ مزدور شدید طورپر زخمی ہوئے ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور مقامی لوگ جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کے لئے جی ایم سی ڈوڈہ منتقل کیا جہاں پر تین مزدور جن کی شناخت منی کمار ولد دیا رام ، لال چندھ ولد جامت رام ساکنان سرہوا اور کرن جیت سنگھ ولد صاحب چرن کے بطور ہوئی ہے زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے ۔
زخمیوں کی پہچان سنجے کمار ولد جامت رام ، منجیت سنگھ ولد پریم لال ، خوشحال کمار ولد کونگ لال ، منٹو کمار ولد بلک رام اور سنوہر لال ولد چنی لال ساکنان ڈوڈہ کے بطور ہوئی ہے ۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ ڈوڈہ نے متوفین کے لواحقین کو ضلع ریڈ کراس فنڈ سے فی کنبہ۵۰ہزار روپے ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے ۔
اس دوران جموںکشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر کے ملورہ ایچ ایم ٹی میں ہفتے کی صبح پیش آئے سڑک کے ایک حادثے میں ۱۹سالہ نوجوان کی موت واقع ہوئی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ سرینگر کے ملورہ ایچ ایم ٹی کے قریب ایک تیز رفتار گاڑی اور سکوٹی کے درمیان ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں سکوٹی سوار شدید طورپر زخمی ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی نوجوان کو ہسپتال پہنچایا تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت فیضان احمد ڈار ولد بشیر احمد ساکن سنگھ پورہ پٹن کے بطور ہوئی ہے ۔
ادھرپانپور میں دریائے جہلم سے ریت نکالنے کے دورن ایک ٹیپرجہلم برد ہونے سے ڈرائیور کی موت واقع ہو گئی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ گالندر پانپور میں جہلم سے ریت نکالنے کے دوران ایک ٹپرجہلم میں ڈوب گیا،جس کے نتیجے میں ڈرائیور موقع پرہی ازجان ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ اس حادثے میں جہلم برد ہوئے ٹیپر کو بازیاب کرنے کی کاروائی جاری ہے۔متوفی ڈرائیور کی شناخت شبیر احمد ڈار ولد محمد رمضان ڈار ساکن گالندر کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔