سرینگر//
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز سرینگر کے تاریخی لالچوک سے سی آر پی ایف کی خواتین بائیک ریلی کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
سنہا نے کہا کہ ناری شکتی کو با اختیار بنانا اور ان کو تمام حقوق فراہم کرنا جموں و کشمیر انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ناری شکتی جموں وکشمیر کی تعمیر و ترقی میں اہم رول ادا کر رہی ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار’ایکس‘پر اپنے سلسلہ وار پوسٹس میں کیا۔انہوں نے کہا’سرینگر کے مشہور لالچوک سے سی آر پی ایف انڈیا خواتین بائیک مہم کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا‘۔
سنہا کا کہنا تھا’یہ مہم ملک کے۴۰؍اضلاع کو عبور کرکے۲ہزارایک سو۳۴کلو میٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کرکے۳۱؍اکتوبر کو سابق نائب وزیر اعظم اور جدید ہندوستان کو متحد کرنے والے سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کے موقع پر ایکتا نگر گجرات پہنچے گی‘۔
ایل جی نے کہا کہ ناری شکتی کو باختیار بنانا اور ان کو تمام حقوق فراہم کرنا جموں کشمیر انتظامیہ کا عزم اور اولین ترجیح ہے ۔
سنہا نے کہا’ہماری بیٹیاں تعلیمی، تحقیق، اختراعات اور کاروباری شعبے میں ایک پر جوش معاشرے کی تشکیل کے خوابوں کو پورا کرنے کیلئے کامیابی کی سیڑھیاں طے کر رہی ہیں‘۔
لیفٹیننٹ گورنر کا ایک اور پوسٹ میں کہنا تھا’ناری شکتی جموں وکشمیر کی تعمیر و ترقی میں اہم رول ادا کر رہی ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ ناری شکتی وکسٹ بھارت کیلئے بھر پور تعاون فراہم کر رہی ہیں اور ناری شکتی سے ہی مستقبل میں انسانی وقار اور سماجی مساوات یقینی بنا جائے گا۔