ہانگزو// چین میں جاری 19ویں ایشیائی کھیلوں کے مردوں کے ہاکی پول اے میچ میں ہندوستانی ہاکی ٹیم نے کپتان ہرمن پریت سنگھ اور مندیپ سنگھ کی ہیٹ ٹرک کی بدولت پیر کو بنگلہ دیش کو 12-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔
ہندوستان کی طرف سے ہرمن پریت سنگھ (دوسرے، چوتھے اور 32ویں منٹ میں)، مندیپ سنگھ (18ویں، 24ویں اور 46ویں منٹ میں)، للت اپادھیائے (23ویں منٹ میں)، امیت روہداس (28ویں منٹ میں)، ابھیشیک نے (41ویں اور 57ویں منٹ میں)، نیلکانت شرما (47ویں منٹ میں)، گرجنت سنگھ (56ویں منٹ میں) نے گول کئے۔
جبکہ بنگلہ دیش کی ٹیم پورے میچ میں ایک بھی گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
اعتماد سے بھرپور ہندوستانی ٹیم نے دلچسپ آغاز کیا۔ کھیل شروع ہونے کے تھوڑی دیر بعد ہندوستان نے دو پنالٹی کارنر حاصل کیے اور ڈریگ فلک میں ماہر ہندوستانی کپتان ہرمن پریت سنگھ نے دوسرے اور چوتھے منٹ میں گول داغے۔ ہندوستان نے پہلے کوارٹر میں 2-0 کی برتری حاصل کی۔
دوسرے کوارٹر کا آغاز بھی جارحیت کے ساتھ ہوا اور 18ویں منٹ میں مندیپ سنگھ نے میچ کا پہلا فیلڈ گول کر کے ہندوستان کا اسکور 3-0 کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی 23ویں منٹ میں للت اپادھیائے نے فیلڈ گول کر کے ہندوستان کے لیے چوتھا گول کیا۔
اگلے ہی منٹ میں ہندوستان کو پنالٹی کارنر ملا اور مندیپ سنگھ نے پانچواں گول کیا۔ 28ویں منٹ میں امیت روہداس نے ہندوستان کے لیے پنالٹی کارنر کو گول میں بدل دیا۔
ہندوستانی ٹیم نے انتہائی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے بنگلہ دیش کے ڈیفنس کو کافی جدوجہد کرنی پڑی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک ہندوستانی ٹیم نے 6-0 کی برتری برقرار رکھی۔ جبکہ بنگلہ دیش ایک بھی گول نہ کرسکا۔
ہرمن پریت سنگھ کی قیادت والی ٹیم نے تیسرے کوارٹر میں بھی اپنا تسلط برقرار رکھا اور اس کوارٹر میں ہندوستان نے دو گول کئے۔ 32ویں منٹ میں ہرمن پریت نے پنالٹی کارنر کے ذریعے اپنا تیسرا گول کیا۔ اس کے بعد ابھیشیک نے گول کیپر کو چکمہ دیکر گول کرکے اسکور 8-0 کر دیا۔
مندیپ نے آخری کوارٹر کے آغاز میں اپنا تیسرا گول کیا۔ اس کے فوراً بعد نیلکانت شرما نے فیلڈ گول کر کے اسکور کو 10-0 کر دیا۔ اس کے بعد گرجنت سنگھ اور ابھیشیک نے بالترتیب 56 اور 57 منٹ میں گول داغے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے میں 12-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
ہندوستان اب اپنا سیمی فائنل میچ بدھ کو کھیلے گا۔
خیال ر ہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں ہندوستان نے پاکستان کو 10-2 سے شکست دی تھی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے اپنے پہلے میچ میں ازبکستان کو 16-0 سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد سنگاپور کو 16-1 اور جاپان کو 4-2 سے شکست دی تھی۔