سرینگر//
کرائم برانچ کشمیر (سی بی کے ) نے جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹس پیش کرنے کے الزام میں۸سرکاری ملازموں کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے ۔
سی بی کے کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اقتصادی جرائم ونگ سرینگر (کرائم برانچ کشمیر) نے ایف آئی آر نمبر۲۰۲۱/۲۸کے تحت آر پی سی کے دفعات۴۲۰/۵۱۱/۲۰۲/۴۶۸؍اور۴۷۱کے تحت قابل سزا جرم میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں ۸ملزموں کے خلاف سٹی منصف سری نگر کی ایک عدالت میں چارج شیٹ دائر کی۔
بیان میں کہا گیا’’کرائم برنچ کشمیر کو ایک ایگریکلچر پروڈکشن محکمہ جموں وکشمیر(ڈائریکٹر ایگریکلچر کشمیر کی رپورٹ کی بنیاد پر) کی طرف سے ایک شکایت موصول ہوئی جس میں الزام لگایا کہ محکمہ کے ۱۲ملازموں نے نوکری لگتے وقت جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹس پیش کی ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ شکایت پر کرائم برانچ کشمیر میں سال۲۰۲۱میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ۱۲؍افراد میں سے۸ملزموں نے ابتدائی تقرری کے وقت جعلی پیدائشی سرٹیفکیٹس پیش کرکے محکمے کو دھوکہ دیا ہے ۔
بیان کے مطابق ملزموں نے دھوکہ دہی سے سرکاری ملازمت میں بر قرار رہے اور ریٹائر منٹ کی اپنی اصل عمر سے زیادہ ملازمت کے فوائد غیر قانونی طور پر حاصل کرتے رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ اس طرح مجاز دائرہ اختیار ک عدالت میں عدالتی فیصلے کیلئے۸ملزموں کے خلاف چارج شیٹ پیش کی گئی۔