لاہور//پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی انٹر نیشنل لیگ (آئی ایل) ٹی 20 کے دوسرے سیزن میں ایکشن میں ہوں گے۔
شاہین شاہ آفریدی کا ڈیزرٹ وائپرز کے ساتھ معاہدہ ہو گیا ہے۔ ڈیزرٹ وائپرز سے تین سال کا معاہدہ ہوا۔
اس حوالے سے شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ڈیزرٹ وائپرز کا حصہ بن کر پُرجوش ہوں، یو اے ای میں پاکستانی شائقین کی بہت بڑی تعداد موجود ہے۔
قومی کرکٹر نے کہا کہ اُمید ہے شائقین کی جانب سے میری ٹیم کو بھی بھرپور سپورٹ ملے گی۔
خیال رہے کہ ڈیزرٹ وائپرز آئی ایل ٹی 20 کے گزشتہ سیزن کی رنر اپ ٹیم ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایل ٹی ٹوئنٹی لیگ کا دوسرا سیزن متحدہ عرب امارات میں آئندہ سال جنوری میں ہو گا۔
رمیز راجا کے دور میں پاکستانی کھلاڑیوں کو لیگ کے پہلے سیزن میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
پاکستان کے سپر اسٹار گیند باز شاہین آفریدی نے آئی ایل ٹی 20 کے دوسرے سیزن سے قبل ڈیزرٹ وائپرز میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ منتظمین نے پیر کو اس کی تصدیق کی۔
سال 2018 میں اپنا ٹی 20 انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے کے بعد سے، شاہین نے تمام فارمیٹس میں مجموعی طور پر 239 وکٹ حاصل کئے ہیں۔ آئی سی سی نے انہیں 2022 میں سال کا بہترین کھلاڑی منتخب کیا۔ نئی گیند سے بلے بازوں کو پریشان کرنے کے لیے مشہور شاہین نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مجموعی طور پر 42 وکٹ حاصل کئے۔
فرنچائز میں شامل ہونے پر شاہین نے کہا “میں ڈیزرٹ وائپرز میں شامل ہونے کے لیے پرجوش ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستانی کرکٹ کے بہت سے شائقین ہیں اور مجھے امید ہے کہ وہ آئندہ آئی ایل ٹی 20 میں ہماری ٹیم کو سپورٹ کریں گے۔‘‘
شاہین پاکستان کی ڈومیسٹک فرنچائز لیگ پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) میں لاہور قلندرز کے کپتان ہیں۔ لاہور فرنچائز نے ان کی کپتانی میں آخری دو پی ایس ایل خطاب جیتے ہیں، حالانکہ آئی ایل ٹی 20 میں ان کے رول کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دہ گئی ہے۔
منتظمین نے کہا کہ آئندہ سیزن کے لیے نئے معاہدوں کی مکمل فہرست اگلے چند دنوں میں جاری کر دی جائے گی۔ یہ ٹورنامنٹ جنوری تا فروری 2024 میں ہونا ہے۔