نئی دہلی//سپریم کورٹ نے منی لانڈرنگ کے ملزم تمل ناڈو کے وزیر وی سینتھل بالاجی اور ان کی اہلیہ کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کی درستگی کی تصدیق کے ساتھ ہی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کو 12 اگست تک تحویل میں لے کر ان سے پوچھ گچھ کی پیر کو اجازت دی۔
جسٹس اے ایس بوپنا اورجسٹس ایم ایم سندریش کی بنچ نے بالاجی اور ان کی اہلیہ میگالا کی مدراس ہائی کورٹ کے اس حکم کو چیلنج کرنے والی درخواست کو خارج کر دیا، جس میں بالاجی کو ای ڈی کی تحویل میں لینے کی اجازت دی گئی تھی۔
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بنچ کے سامنے دلیل دی کہ شواہد اکٹھے کرنے کے لیے اس کے پاس ملزم وزیر کو گرفتار کرنے اور حراست میں پوچھ گچھ کرنے کا ضروری اختیار ہے ۔
مسٹر بالاجی کی طرف سے پیش ہونے والے سینئر وکیل مکل روہتگی نے دلیل دی کہ منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے ) کے تحت ای ڈی کے پاس کسی ملزم سے حراست میں پوچھ گچھ کرنے کا کوئی خصوصی اختیار نہیں ہے ۔
محترمہ میگالا کی عرضی میں مدراس ہائی کورٹ کے 14 جولائی اور 4 جولائی 2023 کے احکامات کی درستگی کو چیلنج کیا گیا تھا، اور ان کی ہیبیس کارپس کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیاتھا۔