نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جمعرات کو یہاں آزادی کے امرت مہوتسو کے تحت ایک منفرد پہل ‘میرا گاوں میری دھروہر’ کا افتتاح کریں گے ۔
مسٹر شاہ تاریخی قطب مینار میں ایک عظیم الشان پروجیکشن میپنگ شو کے دوران ورچوئل پلیٹ فارم کا باضابطہ آغاز کریں گے ۔ یہ ورچوئل پلیٹ فارم لوگوں کو دیہات سے جوڑے گا۔
ثقافت کی وزارت نے اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار آرٹس کے ساتھ مل کر نیشنل کلچرل میپنگ مشن کے تحت ‘میرا گاوں میری دھروہر’ پروجیکٹ شروع کیا ہے ۔ پروجیکٹ کا بنیادی مقصد 29 ریاستوں اور 7 مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پھیلے ہوئے 6 لاکھ 50 ہزار گاؤں کی ایک جامع ورچوئل پلیٹ فارم پر ثقافتی نقشہ سازی کرنا ہے ۔ اس کے ذریعے لوگوں کو ہندوستان کے متنوع اور متحرک ثقافتی ورثے کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا۔ اس پروجیکٹ کا بنیادی مقصد ہندوستان کی بھرپور ثقافت اور روایات کی حوصلہ افزائی کرنا، دیہی برادریوں میں اقتصادی ترقی، سماجی ہم آہنگی اور فنکارانہ ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے ۔
اس تقریب میں قطب مینار پر ایک پروجیکشن میپنگ شو بھی ہوگا، جس میں ہندوستان کے منتخب دیہاتوں کے مختلف موضوعات دکھائے جائیں گے ۔ اس موقع پر پنچایتی راج، دیہی ترقی اور حیوانات کے وزیر اور دیگر معزز مہمان بھی موجود ہوں گے ۔