کراچی//
سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے ورلڈ کپ پرومو میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ان کی شاندار کامیابیوں کے باوجود بھی نظر انداز کیے جانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے ورلڈ کپ پرومو کی 2 منٹ 12 سیکنڈز کی ویڈیو جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے فوراََ یہ بات نوٹس کرلی کہ اس پروموشنل ویڈیو میں کافی جانبداری کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔
دیگر سوشل میڈیاصارفین کے علاوہ شعیب اختر بھی یہ پروموشنل ویڈیو دیکھ کر بپھر گئے۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’جس نے بھی یہ سوچا کہ ورلڈ کپ کا پرومو پاکستان اور بابر اعظم کی نمایاں موجودگی کے بغیر مکمل ہو جائے گا، اس نے حقیقت میں اپنا مذاق خود اُڑایا ہے‘۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ’اب وقت آگیا ہے کہ آپ لوگ تھوڑا بڑے ہوجاؤ‘۔
واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی ورلڈ کپ کی پروموشنل ویڈیو میں کرکٹ کے اترتے چڑھتے لمحات اس انداز سے دکھائے گئے ہیں کہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں اس وقت دوسری پوزیشن پر موجود پاکستان ٹیم کی زیادہ تر صرف مایوسی کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔