دبئی//
بھارتی کپتان روہت شرما نے آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ کے ٹاپ ٹین میں واپسی کی ہے۔ بھارت اور ویسٹ انڈین کے مابین ٹیسٹ میچ کے اختتام پر آئی سی سی نے تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ جاری کی جس کے مطابق ویسٹ انڈین کے خلاف ٹیسٹ میچ میں شاندار سنچری سکور کرنے والے روہت شرما نے ٹاپ ٹین میں واپسی کی ہے اور اس وقت وہ ٹاپ ٹین میں شامل واحد بھارتی بیٹر ہیں۔
گزشتہ سال حادثے میں زخمی ہونے والے رشبھ پانٹ ایک درجہ تنزلی کے بعد گیارہویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی 14ویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے ابتدائی ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری سکور کرنے والے یشاسوی جیسوال ٹیسٹ رینکنگ میں 73ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
بھارت کے آف سپنر روی چندرن ایشون ٹیسٹ بائولرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ آل رائونڈر رویندرا جدیجا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیسٹ رینکنگ میں بہتری کی۔
وہ تین درجہ ترقی کے بعد ساتویں پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ آل رائونڈرز رینکنگ میں وہ پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔ ٹیسٹ بیٹرز رینکنگ میں کین ولیمسن پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔ آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ دوسری اور پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔ بائولرز میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز دوسری اور جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔