نئی دہلی//پارلیمنٹری ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام تربیتی پروگرام میں حصہ لینے والے بنگلہ دیشی پارلیمنٹ کے عہدیداروں نے آج لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں خیر سگالانہ ملاقات کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ جمہوریت میں پارلیمنٹ کا ایک خاص کردار ہوتا ہے جہاں قوانین بنائے جاتے ہیں اور ساتھ ہی ایگزیکٹو کی جوابدہی اور شفافیت کو یقینی بنایا جاتا ہے ۔ پارلیمنٹ عوام اور حکومت کے درمیان کڑی ہے اور عوام کی زندگی میں سماجی و اقتصادی تبدیلی کا سب سے اہم حصہ ہے ۔
انہوں نے پارلیمنٹ میں کام کرنے والے افسروں اور ملازمین کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے م کہا کہ وہ عوام کے نمائندوں کے ساتھ قواعد و ضوابط کے مطابق پارلیمنٹ کے کام میں تعاون کرتے ہیں تاکہ عوامی نمائندے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے سکیں –
مسٹر برلا نے اظہار مسرت کرتے ہوئے بتایا کہ ہندوستانی پارلیمنٹ کی ڈیجیٹل لائبریری نہ صرف اراکین پارلیمنٹ بلکہ عام لوگوں کو بھی فائدہ پہنچا رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی پارلیمنٹ کے کام کاج کو بڑی حد تک ڈیجیٹل بنا دیا گیا ہے ۔آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان میں وفد کا مختصر قیام خوشگوار اور کامیاب ثابت ہوگا۔