ڈومینیکا// ہندوستان کے خلاف شرمناک شکست کے سبب تیش میں آئے ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھویٹ نے کہا کہ بلے بازوں کی مایوس کن کارکردگی اس شکست کی اہم وجہ رہی۔
براتھویٹ نے کہا کہ ہم نے پہلی اننگز میں صرف 150 رن بنائے جو کافی نہیں تھے، ہندوستان کے پاس مضبوط بیٹنگ لائن ہے اور انہوں نے اسے ثابت کیا۔ دوسری اننگز میں ہمیں 271 رن کی برتری پر قابو پانے کا چیلنج تھا۔ ہمارے بلے بازوں کو دباؤ کو دور رکھتے ہوئے صبر سے بیٹنگ کرنی چاہیے تھی جو ہم نہیں کر سکے۔ میں بھی ناکام رہا۔ کپتان ہونے کے ناطے مجھے رن بنانے چاہیے تھے تاکہ ٹیم کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔
ہندوستانی گیند بازوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "چیمپیئن گیند بازوں کے خلاف بیٹنگ کرنا مشکل ہوتا ہے لیکن ہمیں ذمہ داری سے کھیلنا چاہیے تھا۔ ہمارے بلے بازوں کا شاٹ سلیکشن ناقص تھا جبکہ بلے باز بلے سے زیادہ پیڈ استعمال کر رہے تھے جس کی وجہ سے وہ سستے میں آؤٹ ہو گئے۔
خیال رہے کہ ہندستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو اننگز اور 141 رن سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا ۔ ویسٹ انڈیز اپنی پہلی اننگز میں 150 اور دوسری اننگز میں 130 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، جب کہ ہندستان نے اپنی پہلی اننگز 421 رن پانچ کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ ہندستان کی تاریخی جیت میں یشسوی جیسوال اور روی چندرن اشون نے سب سے اہم کردار ادا کیا۔ یشسوی جیسوال نے 171 رن کی اننگز کھیلی، جبکہ اشون نے پہلی اننگز میں پانچ اور دوسری اننگز میں سات وکٹ لیے۔ دوسرا ٹیسٹ 20 جولائی سے پورٹ آف اسپین میں کھیلا جائے گا۔