سرینگر//
ٹریفک پولیس حکام نے پیر کو کہا کہ سرینگر جموں شاہراہ کو مکمل طور پر بحال کرنے کے لیے اسے منگل کو بھی بند رکھا جائیگا۔
ایک بیان میں، پولیس نے کہا کہ یو ٹی انتظامیہ اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا(این ایچ اے آئی)کی طرف سے دن بھر کی گئی اجتماعی کوششوں کے نتیجے میں سڑک کی حالت میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔’’تاہم، مکمل بحالی میں کچھ اور وقت لگنے کی امید ہے‘‘۔
ٹریفک پولیس کے مطابق یو ٹی انتظامیہ نے قومی شاہراہ۴۴ پر ٹریفک کو کل یعنی ۱۱جولائی (منگل) کے لیے بھی معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھاری موٹر گاڑیوں (ایچ ایم ویز) کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ جموں سے سرینگر کے سفر کے لیے مغل روڈ کااستعمال کریں۔’’ بدھ ۱۲جولائی کو ٹریفک دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے، تاہم، اگلی اپ ڈیٹ کل شام کو جاری کی جائے گی‘‘۔
کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر،جموں قومی شاہراہ پر پیر کو بھی ٹریفک کی نقل و حمل بند رہی۔
تاہم جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو جموں صوبے کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سرینگر، لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل جاری ہے ۔
جموں وکشمیر ٹریفک پولیس نے ٹویٹ کرکے کہا کہ قومی شاہراہ مسلسل بند ہے ۔انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ مغل روڈ اور ایس اسی جی روڈ پر ٹریفک جاری ہے ۔
بتادیں کہ قومی شاہراہ پر ہفتے کے روز بھاری بارشوں کے نتیجے میں ٹنل۳سے ٹنل۵کے درمیان ایک حصہ ڈھہ گیا تھا جس کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی تھی۔
قومی شاہراہ کے بند ہونے سے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے یاتریوں کے کشمیر روانہ ہونے کا سلسلہ بھی معطل کر دیا گیا ہے ۔