بانڈی پورہ//
بانڈی پورہ کے گریز علاقے کی تلیل وادی میں ایک ٹورسٹ گائیڈ کی دل کا دورہ پڑنے سے موقع پر ہی موت ہو گئی۔
۲۸سالہ زاہد احمد لون ولد ظہور احمد لون کو دل کا دورہ اس وقت پڑا جب وہ سیاحوں کو لیکر وادی تلیل کے شیح پورہ گیا ہوا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ زاہد کل شام کو سیاحوں کو لیکر وادی تلیل کی طرف گامزن ہوا تھا۔ تاہم آج دوپہر کو اچانک اسے دل کا دورہ پڑ گیا، جس کی وجہ سے موقعے پر ہی ان کی موت ہو گئی۔
واضح رہے کہ زاہد احمد اس علاقے کے ایک معروف سیاحتی گائڈ تصور کیے جاتے تھے۔ انہوں نے اس علاقے میں سیاحت کو بڑھاوا دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا تھا۔
مرحوم پچھلے کئی سالوں سے سیاحت سے منسلک تھے اور اس وقت انہوں نے گریز کے کیمپنگ سائٹ پر کئی کیمپ بھی لگائے تھے، جہاں سے وہ کل شام کو سیاحوں کو لیکر تلیل کی طرف روانہ ہوئے تھے۔
گریز کی سیاحت کو فروغ دینے کے حوالے سے زاہد سوشل میڈیا پر بھی کافی معروف تھے۔ اچانک سے ان کے اس طرح موت کی خبر آنے سے گریز اور بانڈی کے کئی علاقوں میں غم کا ماحول ہے۔
زاہد کا تعلق گریز کے بڑون علاقے سے تھا تاہم اس وقت وہ بانڈی پورہ میں رہائش پزیر تھے۔ تلیل سے آخری جانچ پڑتال کے لئے انہیں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال داور منتقل کیا گیا، جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔