سرینگر//
جموںکشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ‘ڈاکٹر درخشان اندرابی کا کہنا ہے کہ کشمیر میں امن، ترقی اور خوشحالی بی جے پی کی دین ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے جو زمینی سطح پر یہاں کام کئے ہیں لوگ ان سے خوش ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی انتخابات کیلئے ہمیشہ تیار ہوتی ہے ۔
وقف چیئر پرسن نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا’’کشمیر میں امن، ترقی اور خوشحالی بے جے پی کی دین ہے ورنہ گذشتہ۳۰برسوں کی مصیبتیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’آج کشمیری عزت سے آگے بڑھ رہے ہیں اور ہمارے نوجوان سر اونچا کرکے ملک اور دنیا میں گھوم رہے ہیں یہ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی ہی دین ہے ‘‘۔
اندرابی نے کہا کہ ہم نے جو کام زمینی سطح پر کئے لوگ ان سے بہت خوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے لوگوں کو عزت دی ہے ۔
انتخابات کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا’’بی جے پی ہمیشہ الیکشن کی تیاری کرتی رہتی ہے ، پارلیمانی الیکشن بھی آنے والے ہیں اور بدلدیاتی و دیگر انتخابات بھی ہونے والے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکن زمینی سطح پر کام کر رہے ہیں اور انتخابات کیلئے تیار ہیں۔