سرینگر//
وشو بھارتی ہائیر سیکنڈری اسکول کے پرنسپل نے جمعرات کو اسکول میں عبایا پہننے پر مبینہ پابندی کے خلاف طلباء کے احتجاج کے بعد کسے کے جذبات مجروح ہونے پر معذرت کی۔
ایک بیان میں پرنسپل میم روز شفیع نے کہا کہ عبایا پر پابندی کے الزامات غلط ہیں۔
ان کاکہنا تھا’’سوشل میڈیا پر یہ بات چل رہی ہے کہ طالبات کو عبایا نہ پہننے کی ہدایت کی گئی ہے جو کہ سراسر بے بنیاد اور غلط بیانی ہے۔ سکول انتظامیہ ہمیشہ معاشرے کے تمام طبقات کے جذبات کا احترام کرتی ہے‘‘۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ اسکول پرنسپل یا انتظامیہ کی جانب سے عبایا پہننے پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے لیکن طالب علموں کو شائستگی سے کہا گیا ہے کہ وہ عبایا کے نیچے اسکول یونیفارم پہنیں۔
پرنسپل نے بیان میں کہا’’تمام طالبات کی اطلاع کے لیے ہے کہ وہ عبایا پہن سکتی ہیں اور کلاس رومز میں ایسی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے۔ طالبات اور والدین کے ساتھ ہونے والی آج کی گفتگو کو غلط طریقے سے پیش کیا گیا ہے اور کسی بھی صورت میں اگر اس سے طالبات یا والدین کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ ، میں اس کے لیے غیر مشروط طور پر معافی مانگتی ہوں۔‘‘