کوئی شک کہ وادی کے حالات بہتر ہوئے ہیں؟… نہیں صاحب کوئی شک نہیں ہے … یقینا وادی کے حالات بہتر ہو ئے ہیں‘ کئی برسوں سے ہو ئے ہیں… ۳۷۰ کی منسوخی کے بعد ہو ئے ہیں… جموں کشمیر کے حصے بخرے کرنے کے بعد ہو ئے ہیں… جموں کشمیر کو یونین ٹیریٹری بنانے کے بعد ہو ئے ہیں۔ کوئی شک کہ کشمیر میں ایک نیا دور شروع ہو ا ہے‘تعمیر و ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہوا ہے ؟نہیں صاحب کوئی شک نہیں ہے‘ اس میں بھی کوئی شک نہیں ہے ۔واقعی میں کشمیر میں ایک نیا دور شروع ہوا … تعمیر و ترقی کا دور ‘ خوشحالی کا دور … دودھ اور شہد کی نہریں تو نہیں بہہ رہی ہیں‘ لیکن نیا دور شروع ہوا ہے … کوئی شک کہ اس نئے دور میں کشمیر میں سیاحت ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے؟ نہیں صاحب بالکل بھی کوئی شک نہیں ہے… یقینا کشمیر میں سیاحت اپنے بہترین دور سے گزر رہا ہے… اور جو لوگ سیاحت سے جڑے ہیں‘ وابستہ ہیں‘ ان کی پانچوں انگلیاں گھئی اور سر کڑھائی میں ہے…کو ئی شک کہ علیحدگی پسندی کو کچل دیا گیا ہے‘ علیحدپسندوں کو بھی کنارے لگا دیا گیا ہے… انہیں خاموش کردیا گیا ہے؟نہیں صاحب ‘اس میں بھی کوئی شک نہیں ہے… علیحدگی پسندوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے‘ علیحدگی پسندی کو کچل کے رکھ دیا گیا ہے… علیحدگی پسند اورعلیحدگی پسند ی قصہ پارینہ بن گئی ہے… کوئی شک کہ اب کشمیر میں ہڑتال اور نہ پتھراؤ ہو تا ہے؟… نہیں صاحب اس میں بھی کوئی شک نہیں ہے… کشمیر میں پتھراؤاور نہ ہڑتالیں ہوتی ہیں… کہ…کہ کشمیر میں گزشتہ ۳۰ برسوںسے اتنی ہڑتالیں ہو ئیں کہ ہماری آنے والی سات نسلوں کیلئے بھی وہ کافی ہیں… ا ن کا بھی پیٹ بھر جائیگا ‘ لیکن… لیکن اللہ میاں کا شکر ہے کہ اب ہڑتالیں ہوتی ہیں اور نہ پتھراؤ۔کوئی شک کہ کشمیر میں جمہوریت کونچلی سطح تک پہنچاگیا ہے ؟نہیں صاحب کوئی شک نہیں ہے …بلدیاتی اداروں اور پنچایتوں کے انتخابات کئے گئے ہیں‘ ڈی ڈی سی کونسلوں کو بھی معرض وجود میں لاگیا تاکہ حکمرانی کو لوگوں کی دہلیز تک پہنچایا جائے… مختصر یہ کہ… کہ کشمیر بدل گیا ہے… کشمیر کوبدل دیا گیا ہے… ہم ایک بدلے‘ بہتر‘ پر امن اورترقی پذیر کشمیر میں رہ رہے ہیں… اور اس میں کوئی شک نہیں ہے…لیکن صاحب اگر اس سب میں کوئی شک نہیں ہے تو… تو پھر کشمیر میں الیکشن… اسمبلی الیکشن کیوں نہیں کرایا جارہا ہے…اس تاخیر کیلئے ہم کس کی نیت پر شک کریں ؟کسی کی نیت پر شک تو کرنا ہوگا نا…ہے نا؟