سرینگر//
وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر‘ جموں قومی شاہراہ پر کئی گھنٹوں کے بعد ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی۔
بتادیں کہ گذشتہ شام پنتھال ٹنل کے قریب پتھر گر آنے کی وجہ سے شاہراہ کو ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بند کردیا گیا تھا۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ شاہراہ پر ملبے کو صاف کرنے کے بعد دونوں طرف ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ قومی شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گوناگوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے ۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ کے بند ہوتے ہی وادی کے بازاروں میں جہاں اشیائے ضروریہ قلت پیدا ہوجاتی ہے وہیں گراں بازاری بھی آسمان چھونے لگتی ہے ۔
اس دوران وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے گنڈ علاقے میں بھاری پسی گر آنے کی وجہ سے سری نگر سونہ مرگ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل کو روک دیا گیا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق جمعرات کو وسطی کشمیر کے گنڈ ریزان علاقے میں بھاری پسی گر آئی تاہم اس دوران کسی کے زخمی ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور ضلع انتظامیہ گاندربل کے سینئر آفیسران صورتحال کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ پسی گر آنے کے باعث شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت کو روک دیا گیا۔