یقین کیجئے کہ اب ہمیں یقین ہو گیا ہے کہ کشمیر … جموںکشمیر میں الیکشن… اسمبلی الیکشن ہوں گے اور … اور بہت جلدہوں گے ۔ اس لئے نہیںہوں گے کہ کچھ ایک دنوں میں الیکشن کمیشن کا وفد جموں کشمیر کے دورے پر آرہا ہے اور سیاسی جماعتوں سے مل رہا ہے… بلکہ الیکشن اس لئے ہوں گے کیونکہ بخاری… الطاف بخاری صاحب کا ایسا جاننا اور ماننا ہے… اور… اور ہماراجاننا اور ماننا ہے کہ … بخاری صاحب کا جو بھی جاننا اور ماننا ہوتا ہے… اس کو سچ جاننا اور ماننا چاہئے ۔کوئی اور… حتیٰ کہ اپنے رینا… بی جے پی کے رویندر ریناجی بھی اگر کہتے کہ جموں کشمیر میں الیکشن ہونے والے ہیں تو بھی ہم ان کی بات پر یقین نہیں کرتے اور… اور نہ ہمیں اس بات پر یقین ہو جاتا کہ کشمیر… جموں کشمیر میں سچ میں الیکشن ہونے والے ہیں… پر بخاری صاحب کی بات کچھ اور ہے یا بات ہی کچھ اور ہے ۔اب تک جو بات ہماری سمجھ میں آگئی ہے وہ یہ ہے کہ … کہ بخاری صاحب کے دل کا دہلی کے ساتھ براہ راست کنکشن ہے… اور یہ اسی براہ راست کنکشن کی دین ہے کہ بخاری صاحب ایسی باتیں… ایسی پیش گوئی کرتے رہتے ہیں… ان کے بغیر کوئی اور ایسا نہیں کر سکتا ہے کیونکہ ان سب کا… میڈم جی کا ‘ قائد ثانی کا دہلی کے ساتھ کنکشن منقطع ہو گیا ہے…یہاں ہم لون صاحب‘ سجاد لون صاحب کی بات نہیں کررہے ہیں‘ کیونکہ آجکل ان کے بارے میں قطعیت کے ساتھ کوئی بات نہیں کہی جا سکتی ہے… اور بالکل بھی نہیں کہی جا سکتی ہے ۔گرچہ بیچ میں ہمیں لگا تھا کہ بخاری صاحب کا بھی دہلی کے ساتھ کنکشن منقطع ہو گیا ہے… اور شاید ہوا بھی تھا… لیکن… لیکن اب بحال ہو گیا ہے… اور کنکشن بحالی کی وجہ سے ہی اپنے بخاری صاحب کہہ رہے ہیں… پیش گوئی کررہے ہیں کہ … کہ جموں کشمیر میں الیکشن ہو ں گے … اس لئے صاحب آپ بھی اپنے لنگوٹے کس لیجئے اور… اور ووٹ ڈالنے کی تیاری کیجئے … ہاں ووٹ کیسے ڈالتے ہیں‘ یہ ضرور سیکھ لیجئے کہ… کہ آخری بار کشمیر میں کس صدی میں الیکشن ہو ئے تھے … یہ ہمیں بھی یاد نہیں ہے اور… اور آپ کوبھی یاد نہیں ہو گا کہ … کہ ووٹ کیسے ڈالتے ہیں… ابھی تھوڑا وقت ہے‘ آپ سیکھ جائیں گے … جس طرح ہم یہ سیکھنے کی کوشش کررہے ہیں کہ … کہ بخاری صاحب کا دہلی کے ساتھ تو کنکشن ہے…لیکن کیا جموں کشمیر کے لوگوں کے ساتھ بھی ان کا کنکشن ہے… یہ ہم نہیں جانتے ہیںاور … اور بالکل بھی نہیں جانتے ہیں ۔ ہے نا؟