نئی دہلی//
صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے ہفتہ کو تیز پور ایئر فورس بیس سے سخوئی لڑاکا طیارے میں اڑان بھری۔
آسام کے دورے پر تینوں افواج کی سپریم کمانڈر‘ مرمو صبح تیز پور ایئر فورس بیس پہنچیں اور تقریباً آدھے گھنٹے تک سخوئی لڑاکا طیارے میں پرواز کی۔ ان کا طیارہ دریائے برہم پترا اور وادی تیز پور سے گزر کر تیز پور ایئر فورس بیس پر واپس آیا۔
طیارے کو۱۰۶؍اسکواڈرن کے کمانڈنگ آفیسر گروپ کیپٹن نوین کمار نے اڑایا۔ طیارہ سطح سمندر سے تقریباً دو کلومیٹر کی بلندی پر رہا اور اس کی رفتار ۸۰۰کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔ مرمو سکھوئی میں پرواز کرنے والی ملک کی تیسری صدر اور دوسری خاتون صدر ہیں۔
صدر جمہوریہ نے بعد میں وزیٹرز بک میں لکھا ’’میرے لیے سخوئی لڑاکا طیارے میں پرواز کرنا ایک دلچسپ تجربہ تھا۔ یہ فخر کی بات ہے کہ ہندوستان کی دفاعی صلاحیت پانی، زمین اور ہوا کے تمام محاذوں پر توسیع کرچکی ہے ۔ میں اس پرواز کے لیے ایئر فورس اور تیز پور ایئر فورس اسٹیشن کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتی ہوں‘‘۔
صدر مملکت کو سخوئی طیاروں اور فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ صدر جمہوریہ نے فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کی ستائش کرتے ہوئے ان پر اطمینان کا اظہار کیا۔