نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طرف سے بہار میں زہریلی شراب کی وجہ سے 40 لوگوں کی موت کا معاملہ اٹھائے جانے اور اپوزیشن پارٹیوں کی طرف سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے غلط استعمال مسئلہ اٹھائے جانے ، نیز ججوں کی تقرری، او ر انتخابات پر بحث کے مطالبے پر جمعرات کے روز راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ ہوا جس کی وجہ سے صبح ایک گھنٹے کے دوران ایوان کی کارروائی تین بار ملتوی کی گئی۔
صبح گیارہ بجے ایوان کے فلور پر ضروری دستاویزات رکھے جانے کے بعد ڈپٹی اسپیکر ہری ونش نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے راگھو چڈھا، کانگریس کے پرمود کمار تیواری اور اکھلیش سنگھ، شیو سینا کی پرینکا چترویدی سمیت کل سات ارکان نے ضابطہ 267 کے تحت ای ڈی اور سی بی آئی کے غلط استعمال، ججوں کی تقرری اور انتخابات پر بحث کے سلسلے میں نوٹس دیا ہے جو چیئرمین کے زیر غور ہے ۔ انہوں نے ارکان سے اپیل کی کہ وہ ایوان کو چلانے میں تعاون کریں۔
ترنمول کانگریس کے ڈیرک اوبرائن نے قواعد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے اس طرح کے نوٹس پر بات کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
مسٹر پرمود تیواری نے کہا کہ آج ایوان کے سامنے درج کاموں کو معطل کرکے عوامی اہمیت کے موضوعات پر بحث کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ای ڈی اور سی بی آئی کا غلط استعمال ہو رہا ہے ۔ محترمہ پرینکا چترویدی نے کہا کہ یہ ایوان ریاستوں کا ہے اور انہوں نے جو مسائل دیئے ہیں وہ فوری اہمیت کے حامل ہیں۔ اس لیے پہلے ان پر بحث ہونی چاہیے ۔ قائد ایوان پیوش گوئل نے محترمہ چترویدی کے بیان کی مخالفت کی۔ محنت اور روزگار کے وزیر بھوپیندر یادو نے کہا کہ اراکین کسی بھی معاملے پر قواعد کا حوالہ دے سکتے ہیں، لیکن حتمی فیصلہ چیئرمین ہی کریں گے ۔