سرینگر//
جموں وکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے نصر اللہ پورہ علاقے میں قتل کے معمہ کو پولیس نے چوبیس گھنٹوں کے اندرا ندر حل کرکے قاتل شوہر کی گرفتاری عمل میں لائی ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ۲دسمبر۲۰۲۲کو پولیس اسٹیشن بڈگام کو اطلاع موصول ہوئی کہ ۳۶سالہ مسلمہ زوجہ غلام محمد بٹ ساکن نصر اللہ پورہ بڈگام گھر میں مردہ پائی گئی اور لاش پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر قانونی اور طبی لوازمات پورے کئے ۔
اُن کے مطابق گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر میں تعینات ڈاکٹروں اور مجسٹریٹ کی نگرانی میں خاتون کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ۔انہوں نے مزید بتایا کہ متوفی خاتون کے شوہر غلام محمد بٹ کو حراست میں لے کر اُس سے پوچھ تاچھ شروع کی گئی ۔
پولیس ترجمان کے مطابق مسلسل پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے اپنی بیوی کا گلا دبا کر قتل کرنے کا اعتراف کیا اور ابتدائی پوسٹ مارٹم میں بھی اس کی تصدیق ہوئی۔
بتادیں کہ مقتولہ کولکتہ کی ساکن ہے اور ۲۰روز قبل ہی اُس نے ملزم کے ساتھ شادی رچائی تھی۔پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر۳۹۳کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔