لاہور// پاکستان کے ٹاپ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں انجری کے بعد دو ہفتے کی بحالی کا مشورہ دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پیر کو یہ اطلاع دی۔
اتوار کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے فائنل میں ہیری بروک کا کیچ لیتے ہوئے شاہین اپنے دائیں گھٹنے پر گر گئے تھے۔ جولائی میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے گال ٹیسٹ میچ کے دوران بھی ان کے اسی گھٹنے میں چوٹ لگی تھی، جس کے بعد انہیں تقریباً تین ماہ تک کرکٹ سے دور رہنا پڑا تھا۔
پی سی بی کا کہنا تھا کہ پیر کو ٹیم کے پاکستان روانہ ہونے سے قبل ان کے گھٹنے کا اسکین کیا گیا جس سے معلوم ہوا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور کیچ لیتے ہوئے گھٹنا تیزی سے مڑنے کی وجہ سے انہیں فائنل میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ پی سی بی نے کہا کہ چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نجیب اللہ سومرو اور آسٹریلوی گھٹنے کے ماہر ڈاکٹر پیٹر ڈی الیسنڈرو نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ شاہین کو کوئی انجری نہیں ہے، تاہم شاہین فی الحال کرکٹ سے دور رہیں گے۔
شاہین کوپاکستان واپسی کے چند روز بعد نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنے گھٹنے کو مضبوط بنانے کے لیے ایک بحالی پروگرام سے گزرناہوگا۔ شاہین کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ان کے ریہیب پروگرام کی کامیاب تکمیل اور طبی عملے کی جانب سے گرین سگنل دینے کے بعد ہوگی۔