بارہمولہ// (نمائندہ خصوصی)
جموں کشمیر میں جلد منصفانہ اسمبلی انتخابات کے انعقاد کا یقین دلا تے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ‘ امیت شاہ نے پاکستان سے کسی بھی بات چیت کے امکان کو مسترد کردیا ہے ۔
شاہ نے کہا کہ مرکزجموں کشمیر کے لوگوں خاص کر نوجوانوں سے بات چیت کرے گا ۔
بدھ کو بارہمولہ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب میں شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابات کے بارے میں اعلان تب کیا جائے گا جب حتمی ووٹر لسٹ اور دیگر تیاریاں مکمل ہو جائیں گی۔یہ عمل جاری ہے اور تیاریاں زوروں پر ہیں‘‘۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ’’ہم نے ایک سیاسی عمل شروع کیا ہے۔ میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ الیکشن کمیشن کے ذریعہ انتخابی فہرستوں کی اشاعت کا کام مکمل ہونے کے بعد انتخابات مکمل شفافیت کے ساتھ کرائے جائیں گے اور آپ کے اپنے منتخب نمائندے یہاں حکومت کریں گے‘‘۔
نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کو نشانہ بناتے ہوئے شاہ نے کہا کہ ’’عبداللہ اینڈ سنز اور مفتی اینڈ کمپنی‘‘ جموں و کشمیر میں ۴۲ہزار لوگوں کے قتل کے ذمہ دار تھے، کیونکہ ان خاندانوں نے اپنے ذاتی مفادات کے لیے سیاست کی اور لوگوں کو تکلیف پہنچائی۔
شاہ کاکہنا تھا’’ان خاندانوں نے اپنے ذاتی فائدے کیلئے جموں و کشمیر کے وسائل کو لوٹا اور عام آدمی کے لیے کچھ نہیں کیا‘‘۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ بارہمولہ کبھی عسکریت پسندی کا گڑھ تھا اور یہاں عسکریت پسندوں سے متعلق سرگرمیاں عام تھیں لیکن آج یہ جگہ سیاحوں کا گڑھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلمرگ میں پھیلے ہوئے اسکائیرز کی جنت‘ یہاں کے برف پوش پہاڑ بڑی تعداد میں سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہے ہیں۔
شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے بغیر جموں و کشمیر کی ترقی ناممکن تھی۔ شاہ نے کہا’’آج ہمارے پاس بہترین سڑکیں، ریل رابطے، پل اور اسپتال ہیں۔ہمارے پاس ایمس اور نرسنگ کالجوں کے علاوہ جموں و کشمیر میں نو میڈیکل کالج ہیں‘‘۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ گجروں، بکروالوں اور پہاڑیوں کو مناسب ریزرویشن دیا جائے گا کیونکہ وہ پچھلے۷۵ سالوں سے جمہوریت کے ثمرات سے محروم ہیں۔
وزیر داخلہ نے پاکستانی حملہ آوروں کے خلاف کردار ادا کرنے پر مقبول شیروانی کی تعریف کی۔ انہوں نے مختلف بجلی، سڑک اور جل شکتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی حکومت پاکستان سے نہیں نوجوانوں سے بات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں جموں و کشمیر کے نوجوانوں سے کسی بھی معاملے پر بات کرنے کو تیار ہوں لیکن پاکستان سے نہیں۔
مرکزی وزیر داخلہ نے پاکستان کے ساتھ کسی بھی قسم کی بات چیت کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت جموں کشمیر سے دہشت گردی کا صفایا کرے گی اور اسے ملک کا سب سے پرامن مقام بنائے گی۔
شاہ نے پوچھا کہ کیا دہشت گردی نے کبھی کسی کو فائدہ پہنچایا ہے کیونکہ ۱۹۹۰ کی دہائی سے لے کر اب تک جموں و کشمیر میں اس لعنت نے۴۲ہزار جانیں لے لی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے عبداللہ (نیشنل کانفرنس)، مفتیوں (پی ڈی پی) اور نہرو،گاندھی (کانگریس) کے خاندانوں کو بھی جموں و کشمیر کی مبینہ پسماندگی کا ذمہ دار ٹھہرایا کیونکہ انہوں نے ۱۹۴۷ میں ملک کی آزادی کے بعد سے زیادہ تر وقت سابقہ ریاست پر حکومت کی۔
شاہ کاکہنا تھا’’کچھ لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں پاکستان سے بات کرنی چاہیے۔ ہم پاکستان سے بات کیوں کریں؟ ہم بات نہیں کریں گے۔ ہم بارہمولہ کے لوگوں سے بات کریں گے، ہم کشمیر کے لوگوں سے بات کریں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت دہشت گردی کو برداشت نہیں کرتی اور وہ اسے ختم کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر کو ملک کا سب سے پرامن مقام بنانا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کچھ لوگ اکثر پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہیں لیکن وہ جاننا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے) کے کتنے گاؤں میں بجلی کے کنکشن ہیں۔انہوں نے مزید کہا ’’ہم نے گزشتہ تین سالوں میں اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ کشمیر کے تمام دیہاتوں میں بجلی کا کنکشن موجود ہے‘‘۔
مسلسل دوسرے دن تین سیاسی خاندانوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے، یہاں تک کہ ان کا نام لیتے ہوئے، وزیر داخلہ نے الزام لگایا کہ ان کے قواعد غلط حکمرانی، بدعنوانی اور ترقی کی کمی سے بھرے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مفتی اینڈ کمپنی، عبداللہ اور بیٹے اور کانگریس نے جموں و کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ نہیں کیا۔
جموں کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی پر حملہ کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے ’گپکار اتحاد‘ پر الزام لگایا کہ وہ ملک میں پاکستانی دہشت گردوں کیلئے ’سرخ قالین ‘بچھا رہی ہے۔
شاہ نے کہا ’پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن کے ماڈل نے خطے کے نوجوانوں کو پتھروں، بند کالجوں اور ہاتھوں میں مشین گنوں کے ساتھ پیش کیا تھا، جب کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ماڈل نے انہیں تعلیم دی ہے۔
پی اے جی ڈی جموں و کشمیر میں چھ علاقائی جماعتوں کے درمیان ایک سیاسی اتحاد ہے جسے فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے تشکیل دیا تھا۔ یہ اتحاد جموں و کشمیر کو آرٹیکل ۳۷۰؍اور ریاست کا درجہ بحال کرنا چاہتا ہے۔
شاہ نے کہا’’دو ماڈل ہیں۔ پی ایم مودی کا ماڈل جو روزگار، امن اور بھائی چارہ دیتا ہے۔ اور دوسرا گپکار ماڈل ہے جس کی وجہ سے پلوامہ حملہ ہوا۔ پی ایم مودی نے پلوامہ میں۲۰۰۰ کروڑ روپے کی لاگت سے ایک ہسپتال بنایا۔ گپکار ماڈل ملک میں پاکستانی دہشت گردوں کے لیے سرخ قالین بچھا رہی ہے، جب کہ مودی ماڈل نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے۵۶ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کو نافذ کر رہا ہے۔ گپکار ماڈل نے نوجوانوں کے ہاتھوں میں پتھر، بند کالج اور مشین گنیں تھما دیں۔ مودی ماڈل میں نوجوانوں کے لیے آئی آئی ایم‘آئی آئی ٹی‘ایمز‘این آئی ایف ٹی اور نیٹ ہیں۔ نوجوان تعلیم چاہتے ہیں مسٹر فاروق عبداللہ، ان کے ہاتھ میں پتھر۔‘‘
شاہ نے سابق وزرائے اعلیٰ سے اس رقم کے بارے میں پوچھا جو ان کے متعلقہ دور میں سرمایہ کاری کے طور پر خطے میں لائی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا’’میں آج فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی سے پوچھنے آیا ہوں کہ آپ نے تینوں خاندانوں کے ۷۰ سالہ دور حکومت میں جموں و کشمیر میں کتنی سرمایہ کاری کی؟ کتنی صنعتیں لگیں؟ کتنے نوجوانوں کو روزگار دیا گیا؟۷۰ سالوں میں یہاں محض۱۵ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ پی ایم مودی نے خطے میں ان تین سالوں میں ۵۶ہزارکروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے‘‘۔
شاہ نے مزید الزام لگایا کہ جموں کشمیر کے’تین خاندان‘ دہشت گردوں کے ذریعہ اس خطے کے باشندوں کی ہلاکتوں کے ذمہ دار ہیں۔
امیت شاہ نے مزید کہا کہ مفتی اینڈ کمپنی اور عبداللہ اور بیٹوں نے ۷۰ سال تک کشمیر پر حکومت کی، لیکن ایک لاکھ گھر فراہم نہیں کیے، لیکن پی ایم مودی نے ۲۰۱۴ سے۲۰۲۲ تک جموں و کشمیر میں ایک لاکھ لوگوں کو گھر دیے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ’’ہمیں دہشت گردوں کے دکھائے ہوئے راستے پر چلنے کی ضرورت نہیں ہے۔ میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ آپ ہمارے ساتھ تعاون کریں۔‘‘
جے کے میں سرمایہ کاری لانے کے لیے پی ایم مودی کی ستائش کرتے ہوئے، شاہ نے کہا کہ وہ خطہ جو ’دہشت گردی کا مرکز‘ کے طور پر جانا جاتا تھا، اب’سیاحت کا مرکز‘ بن گیا ہے۔
شاہ نے کہا ’’پہلے، یہ دہشت گردی کا مرکز تھا، اب یہ ایک سیاحتی مقام ہے۔ آپ (فاروق اور محبوبہ) نے نوجوانوں کے ہاتھوں میں پتھر اور بندوقیں دی ہیں، جب کہ پی ایم مودی نے یہاں صنعتیں لا کر ان کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ اور موبائل دیے۔‘‘